نائیجریا کے شہر شیبوک میں ایک خود کش حملہ آور نے 10 افراد کو ہلاک کردیا ہے۔ یہ وہی شہر ہے جہاں سے دو برس قبل بوکو حرام نے اسکول کی 200 طالبات کو اغوا کر لیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق، بدھ کو ایک خود کش حملہ آور نے ایک چوکی پر جہاں لوگوں کی تلاشی لی جا رہی تھی، خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا، جبکہ اسی شہر کے بازار میں بھی کم از کم دو خود کش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
اس رپورٹ میں تضاد ہے آیا خود کش حملہ آور خواتین تھیں یا مرد۔
دھماکے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی، لیکن یہ حملہ اسی طرح کا تھا جیسا بوکوحرام کے جنگجو کرتے ہیں۔ وہ عموماً عوامی اجتماعات جیسے بس اسٹاپ یا بازار کو نشانہ بناتے ہیں۔
اسلامی بنیاد پرست گروپ اپریل 2014ء میں اس وقت عالمی سطح پر ابھر کر سامنے آیا، جب اس نے 276 نوعمر لڑکیوں کو شیبوک سیکنڈری اسکول سے اغوا کیا۔ ان میں سے 57 ان کے قبضے سے نکل کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئیں۔ تاہم، 200 سے زائد اب تک لاپتہ ہیں۔