رسائی کے لنکس

امریکہ :بے روزگاری میں معمولی اضافہ


ستمبر میں بے روزگاری کی سطح گر کر سات اعشاریہ آٹھ تک پہنچ گئی تھی جو صدر براک اوباما کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سب سے کم سطح تھی۔

اکتوبر کے مہینے میں امریکہ میں روزگار کے ایک لاکھ 70 ہزار سے زیادہ نئے مواقع پیدا ہوئے ، جب کہ ملک میں بے روزگار افراد کی تعداد اب بھی بدستور زیادہ ہے۔

جمعے کو جاری ہونے والی ایک سرکاری رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بہت سے لوگ ابھی تک روزگار تلاش کررہے ہیں اور بے روزگاری کی سطح 7 اعشاریہ 9 فی صد کی سطح پر پہنچ گئی ہے جو ستمبر کے مقابلے میں معمولی زیادہ ہے۔

منگل کے صدارتی انتخابات سے پہلے ملکی معیشت کے بارے میں یہ آخری اہم رپورٹ ہے۔

صدراتی مہم کے دوران ری پبلیکن اور ڈیموکریٹ دونوں امیدواروں کا زیادہ زور ملک کی اقتصادی صورت حال پر مرکوز رہاہے اور تین صدارتی مباحثوں میں بھی زیادہ تر گفتگو نئی ملازمتیں پیدا کرنے اور ملکی معیشت کی رفتار بڑھانے کے طریقوں پر ہوتی رہی ہے۔

ستمبر میں بے روزگاری کی سطح گر کر سات اعشاریہ آٹھ تک پہنچ گئی تھی جو صدر براک اوباما کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سب سے کم سطح تھی۔ اس سے پہلے مسلسل 44 مہینوں تک بےروزگاری کی شرح آٹھ فی صد سے بلند رہی تھی۔

دوسری جنگ عظیم کے بعد سے امریکہ میں کوئی صدرایسی صورت حال میں دوسری مدت کے لیے انتخاب نہیں جیت سکا جب کہ بے روزگاری کی سطح سات اعشاریہ چار فی صد سے بلند تھی۔

جمعے کو ری پبلیکن صدارتی امیدوار مٹ رامنی نے کہا ہے کہ بے روزگاری کی شرح میں معمولی اضافہ ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ملکی معیشت جمود کاشکار ہے۔

جب کہ صدر اوباما کے ایک اقتصادی مشیر نے کہاہے کہ تازہ رپورٹ اس بات کا ایک اور ثبوت فراہم کرتی ہے کہ امریکہ کئی عشروں کے بدترین اقتصادی بحران سے باہر نکلنا شروع ہوگیا ہے۔
XS
SM
MD
LG