رسائی کے لنکس

تیسری سہ ماہی میں امریکی معیشت میں دو فی صد اضافہ


دفاعی منصوبوں اور تعمیرات کے شعبوں میں سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز نے اقتصادی رفتار بہتر بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔

امریکہ نے کہاہے کہ جولائی تا ستمبر سہ ماہی کے دوران اس کی معاشی ترقی کی رفتار دوفی صد رہی ہے جوکہ اس سے قبل لگائے گئے اندازوں سے قدرے زیادہ ہے۔

حکومت نے جمعے کے روز کہا کہ اقتصادی شرح نمو میں اضافے کی وجہ صارفین کی خریداروں میں اضافہ ہے۔ امریکی معیشت کے پھیلاؤ کا لگ بھگ 70 فی صد انحصار صارفین کی خریداروں پر ہوتا ہے۔

امریکی اقتصادی ماہرین نے اس سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران معیشت میں ایک اعشاریہ آٹھ فی صد ترقی کی توقع ظاہر کی تھی ۔ جب کہ اپریل تاجون کی سہ ماہی میں ترقی کی رفتار ایک اعشاریہ تین فی صد رہی تھی۔

امریکہ نے یہ بھی کہاہے کہ دفاعی منصوبوں اور تعمیرات کے شعبوں میں سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز نے بھی اقتصادی رفتار بہتر بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔

اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ تعمیرات میں تیزی آنے سے اس شعبے سے منسلک افراد نے نئے آلات کی خرید پر سرمایہ خرچ کیا جس سے کئی شعبوں میں معاشی سرگرمیوں کو تحریک ملی۔

امریکی معیشت 2008 اور 2009 کی کسادبازاری کے اثرات سے باہر نکلنے کی کوشش کررہی ہے، جسے 1930 کی معاشی بدحالی کے بعد کی بدترین اقتصادی سست روی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

معیشت میں بہتر ی کی علامتوں کے باوجود اب بھی امریکہ میں ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ افراد بے روزگار ہیں اور معاشی ترقی کی کم رفتار کے باعث روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی شرح سست ہے۔

امریکہ کی معاشی حالت نومبر کے صدارتی انتخاب کا سب سے اہم موضوع ہے اور دونوں صدارتی امیدوار، مسٹر براک اوباما اور مٹ رامنی اپنے اپنے اقتصادی پروگرام ووٹروں کے سامنے پیش کررہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG