پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے ہرا دیا۔ دفاعی چیمپین ٹیم کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے۔ تاخیر سے شروع ہونے کی وجہ سے میچ کو پندرہ پندرہ اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے لیگ کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ شعیب ملک نے 27 گیندوں پر 54 رنز اسکور کیے جن میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ حیدر علی نے 39، کامران اکمل نے 23 اور لوئیس گریگری نے آؤٹ ہوئے بغیر 19 رنز بنائے۔ محمد حسنین نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 15 اوورز میں 140 رنز بنا سکی۔ جیسن روئے 26 گیندوں پر 45 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ شین واٹسن نے 19 رنز بنائے۔ وہاب ریاض نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پشاور زلمی کے اب 7 میچز میں 7 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 7 میچز میں 6 پوائنٹس ہیں۔ ملتان سلطانز 5 میچز میں 8 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔
کل لاہور میں کراچی کنگز کا مقابلہ ملتان سلطانز سے ہو گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہو گا۔