امریکہ کے گریمی ایوارڈ یافتہ میوزک اسٹار جو ڈفی کرونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 61 برس تھی۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق گلوکار جو ڈفی کی موت کا اعلان ان کے فیس بک پیج پر کیا گیا ہے۔
اعلان کے مطابق اُن کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد اُنہیں کئی پیچیدگیوں نے آگھیرا تھا اور یہی پیچیدگیاں بلآخر ان کی موت کا سبب بنیں۔
اپنی موت سے دو روز قبل ہی ڈفی نے سوشل میڈیا پر اپنے پرستاروں سے یہ بات شیئر کی تھی کہ ان کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
اس خبر کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے علاج معالجے سے متعلق بھی لوگوں کو آگاہ کیا تھا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لوگوں سے ان کی پرائیویسی برقرار رکھنے کی اپیل کی تھی۔ ساتھ ہی اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ وائرس سے چوکنا اور محتاط رہیں۔
ڈفی کا تعلق ریاست اوکلاہاما سے تھا۔ وہ 28 دسمبر 1958 کو پیدا ہوئے تھے۔
اُن کے 1990 کی دہائی میں گائے ہوئے گانوں 'پک اپ مین'، 'پروپ می اپ بیسائڈ دی جیوک باکس' اور 'جان دیری گرین' نے زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔
'اے تھاؤزینڈ وائنڈنگ روڈز' 1990 میں ریلیز ہونے والا اُن کا پہلا میوزک البم تھا جس کا ایک گانا 'ہوم' سب سے زیادہ ہٹ ہوا تھا۔
جو ڈفی کا دوسرا البم 1992 میں سامنے آیا تھا جس کے بعد ان کے مسلسل ایک کے بعد ایک البمز ریلیز ہوتے چلے گئے۔
ان کا 12 واں اور آخری البم 'جو جو جو ڈفی' 2019 میں ریلیز ہوا تھا۔ بل بورڈ پر ان کے پانچ گانوں نے پانچ مختلف سالوں میں جگہ بنائی اور میگا ہٹ ثابت ہوئے تھے۔