امریکی گلوکارہ اور ریپر نکی مناج نے موسیقی کی دنیا کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے اپنے اس فیصلے کا اعلان ایک ٹوئٹ کے ذریعے کیا ہے۔
نکی مناج کا کہنا ہے کہ وہ جب تک زندہ ہیں اُن کے پرستار ان کے گانے سنتے رہیں گے تاہم وہ اپنا خاندان شروع کرنا چاہتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں موسیقی کو خیرباد کہنا پڑے گا۔
تاہم انہوں نے ٹوئٹ میں یہ نہیں بتایا کہ وہ شادی کرنے والی ہیں یا نہیں۔ نہ ہی انہوں نے موسیقی کی دنیا سے علیحدگی کا کوئی مقررہ وقت بتایا ہے۔
اُن کے اس اچانک فیصلے سے ان کے پرستار خاصے حیران ہیں اور اس کا ثبوت سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے تبصرے ہیں۔
واضح رہے کہ نکی اپنے متنازع جنسی رجحانات اور نیم عریاں پرفارمنس کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں۔
اُن کا موسیقی سے علیحدگی کا اعلان ایک امریکی ریڈیو 'کوئنز' کو دییے گئے انٹرویو کے بعد سامنے آیا ہے جو چند ہفتے پہلے نشر ہوا تھا۔
اس انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بوائے فرینڈ نیتھ پیری سے اگلے 80 دنوں میں شادی کرنے جارہی ہیں۔
نکی کے نیتھ پیری سے پہلے گلوکار اور ریپر میک مل سے بھی دوستانہ تعلقات رہے ہیں۔
نکی مناج کا موسیقی کیریئر 2007 میں شروع ہوا تھا۔ وہ ان گلوکاروں میں سے ایک ہیں جنہیں بہت جلد شہرت ملی۔
وہ اب تک 300 سے زائد گانے گا چکی ہیں جن کی شہرت کے سبب اُنہیں اب تک متعدد ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔ سن 2017 میں ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا تھا۔