برطانیہ کے معروف گلوکار جارج مائیکل 53 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں، ان کے اہل خانہ نے بتایا کہ گورنگ میں اپنے گھر پر مائیکل کا انتقال ہوا۔
مختلف مشہور زمانہ گیتوں اور بعض تنازعات کے علاوہ فنی سفر میں اپنے میوزک البمز کی دس کروڑ کاپیوں کی فروخت سے شہرت پانے والے جارج مائیکل کے مینیجر مائیکل لپمین کا کہنا ہے کہ موت کی وجہ دل کا دورہ تھا۔
لپمین کے اعلان سے قبل پولیس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جارج مائیکل کی موت کی وجوہات "غیر واضح ہیں لیکن مشکوک نہیں۔"
1980ء اور 1990ء کی دہائی میں نوجوانوں کے مقبول ترین گلوکاروں میں شامل جارج مائیکل کو اپنے گیتوں "ویک می اپ بیفور یو گو"، ینگ گنز" اور "فریڈم" سے شہرت ملی۔
ناقدین بھی جان مائیکل کی آواز کو سراہتے رہے ہیں۔
دنیا بھر میں دس کروڑ سے زائد کاپیوں کی فروخت کے علاوہ متعدد گریمی اور امریکی میوزک ایوارڈ ان کے نام رہے۔
برطانیہ کے شہرہ آفاق گلوکار سر ایلٹن جان نے انسٹاگرام پر جارج مائیکل کے ساتھ اپنی ایک تصویر جاری کرتے ہوئے کہا کہ "میرا ایک محبوب دوست بچھڑ گیا۔ شفیق، انتہائی فراخ دل اور ایک بہترین فنکار۔"
جارج مائیکل شہرت کی بلندیوں پر تو پہنچے لیکن اپنے طے شدہ ٹوئرز اور انٹرویوز کو منسوخ کرنے پر انھیں خاصی تنقید کا سامنا بھی رہا۔ لیکن ان کا کہنا تھا کہ ان کا کام خود بولے گا۔
ان کی پہلی سولو البم "فیتھ" 1987 میں ریلیز ہوئی اور اس کی دو کروڑ کاپیاں فروخت ہوئیں۔ ان کے گیتوں میں متنازع الفاظ بھی ناقدین کی طرف سے تنقید کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔