ٹرمپ کی یوکرین جنگ کے خاتمے سے متعلق زیلنسکی کے بیان پر تنقید

امریکی صدر ٹرمپ اور یوکرینی صدر زیلنسکیکی وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی ایک تصویر ، فوٹو رائٹرز ، 28 فروری 2025

  • زیلنسکی کا یہ بیان کہ جنگ کا خاتمہ بہت دور ہے، بدترین بیان تھا اور امریکہ ایسے بیانات کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کرے گا۔ ٹرمپ
  • قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز نے کہا، "ہم صدر زیلنسکی سے جو سننا چاہتے ہیں وہ یہ ہے کہ انہیں جو کچھ ہوا اس پر پچھتاوا ہے، وہ معدنیات کے معاہدے پر دستخط کرنے کو تیار ہیں، اور وہ امن مذاکرات میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔"
  • وزیر خارجہ روبیو نے کہا کہ امریکہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرت کرنے کو تیار ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کی طرف سے روس کے ساتھ جنگ کے معاملے پر حالیہ بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اس قسم کی بیان بازی کو زیاد ہ دیر تک برداشت نہیں کرے گا۔

ٹرمپ نے ، جنہوں نے گزشتہ ہفتے زیلنسکی کے ساتھ وائٹ ہاوس میں ملاقات کی تھی، کہا کہ زیلنسکی کا یہ بیان کہ جنگ کا خاتمہ بہت دور ہے، بدترین بیان تھا اور امریکہ ایسے بیانات کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کرے گا۔

ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ٹرمپ نے لکھا، "یہ شخص اس وقت تک امن نہیں چا ہے گا جب تک اسے امریکی حمایت ملتی رہے گی۔"

امریکی صدر نے لندن میں یورپی رہنماوں کی زیلنسکی سے ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی رہنماوں نے صاف صاف کہا کہ وہ امریکہ کے بغیر (امن کے حصول ) کا کام نہیں کر سکتے۔

SEE ALSO: یوکرینی معدنیات پرٹرمپ زیلینسکی میٹنگ کسی معاہدہ کے بغیر ختم

ٹروتھ سوشل میڈیا پر پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا"روس کے خلاف طاقت کے اظہار کے ضمن میں یہ بیان غالباً کوئی اچھا بیان نہیں ہے۔ وہ کیا سوچ رہے ہیں۔"

قبل ازیں، زیلنسکی نے کہا تھا کہ روس کے ساتھ یوکرین جنگ کا خاتمہ ابھی بہت دور ہے۔ انہوں نے یہ بات لندن میں یورپی رہنماوں سے جنگ کی صورت حال پر ملاقات کے بعد کہی۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کی زیلنسکی کے ساتھ وائٹ ہاوس میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر دونوں رہنماوں اور نائب صدر جے ڈی وینس کے درمیان میڈیا کی موجودگی میں غیر معمولی گرما گرم بحث ہوئی تھی۔

ٹرمپ اور وینس نے زیلنسکی سے کہا کہ وہ امریکی عسکری امداد کے بدلے میں عدم احترام اور ناشکری کا رویہ اپنا رہے ہیں جبکہ زیلنسکی نے مطالبہ کیا کہ امن کی کوششوں میں یہ شامل کیا جائے کہ امریکہ مستقبل میں روس کی کسی بھی جارحیت کے خلاف کیف کو سکیوریٹی گارنٹی فراہم کرے گا۔

SEE ALSO: یوکرین سے سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر بات چیت، یورپی رہنما برطانیہ میں جمع

بعد ازاں زیلنسکی کے ساتھ ملاقات وقت سے پہلے ختم کردی گئی جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان وہ معاہدہ بھی نہ طے پا سکا جس کے تحت امریکہ کو یوکرین کی معدنیات تک رسائی حاصل ہونا تھی۔

امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز نے نشریاتی ادارے فوکس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا، "ہم صدر زیلنسکی سے جو سننا چاہتے ہیں وہ یہ ہے کہ انہیں جو کچھ ہوا اس پر پچھتاوا ہے، وہ معدنیات کے معاہدے پر دستخط کرنے کو تیار ہیں، اور وہ امن مذاکرات میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔"

SEE ALSO: اوول آفس میں تلخی پر یوکرینی صدر کو معافی مانگنی چاہیے: امریکی وزیرِ خارجہ

اسی دوران ، امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پیر کو برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے یوکرین جنگ پر لندن ملاقات کے حوالے سے فون پر بات کی۔

محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ وزیر خارجہ روبیو نے اس بات کی تصدیق کی کہ امریکہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرت کرنے کو تیار ہے اور یہ کہ واشنگٹن برطانیہ کے ساتھ مل کر یوکرین میں امن کے حصول کی جانب کام کرتا رہے گا۔

(اس خبر میں شامل معلومات اے ایف پی سے لی گئی ہیں)