جنوبی افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیم دورۂ انگلینڈ سے دستبردار

فائل فوٹو

جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم دورۂ انگلینڈ سے دستبردار ہو گئی ہے۔ اسے آئندہ ماہ انگلینڈ کا دورہ کرنا تھا۔

جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم کا دورہ کووڈ 19 کی وجہ سے جنوبی افریقہ میں عائد سفری پابندیوں کے باعث منسوخ کیا گیا ہے۔

خواتین کرکٹ کے دورے کی منسوخی کا اعلان کرکٹ ساؤتھ افریقہ کی جانب سے منگل کو جاری ایک بیان میں کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق خواتین کرکٹرز کو سفری مشکلات کا سامنا ہے جب کہ کرونا وبا کے باعث پلان کردہ کیمپ بھی منعقد نہیں ہو سکے گا اور تمام کرکٹرز اپنے اپنے صوبوں میں ٹریننگ جاری رکھیں گی۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز بھی منسوخ ہو چکی ہے۔

ڈائریکٹر کرکٹ جنوبی افریقہ گریم اسمتھ نے دورے کی منسوخی کو مایوس کن قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ تاہم انگلینڈ جیسی مضبوط حریف ٹیم کے خلاف خواتین کرکٹرز کا کھیلنے سے محروم رہ جانا مایوس کن ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ ہونے کے بعد انگلینڈ اب ویسٹ انڈیز کو اپنی خواتین ٹیم انگلینڈ بھیجنے پر رضا مند کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کی مردوں کی کرکٹ ٹیم گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل ہوم سیریز کھیل چکی ہے۔ یہ کرونا وائرس کے بعد پہلی بین الاقوامی سیریز تھی جو تماشائیوں سے خالی اسٹیڈیم میں بائیو سیکیور ماحول میں کھیلی گئی تھی۔

انگلش مینز کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف بھی دو ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہے اور ایک میچ کا کھیلا جانا باقی ہے جب کہ آئندہ ماہ آسٹریلیا کی ٹیم بھی انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔

کرونا وائرس کے باعث انگلینڈ میں کھیلے جانے والے تمام میچز بائیو سیکیور ماحول میں تماشائیوں کے بغیر کھیلے جا رہے ہیں۔