رسائی کے لنکس

پاکستان ویمنز ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوینٹی میچ میں فتح


پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سات وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں سات وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے۔ ثنا میر اور ندا ڈار کی نپی تلی بالنگ کے باعث جنوبی افریقہ کی ٹیم بڑا سکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ ٹرائیون 43، ڈو پریز 23 اور شبنم اسماعیل 20 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

ثنا میر نے 14 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ندا ڈار نے 30 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور اوپنر جویریا رؤف صرف ایک کے مجموعی سکور پر بغیر کوئی رن بنائے پیویلین لوٹ گئیں۔ اس کے بعد 29 کے سکور پر دوسری اوپنر عمائمہ سہیل بھی 10 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھیں۔

اُن کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بسمہ معروف اور ندا ڈار کے درمیان 89 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے باعث میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط ہو گئی۔

ندا ڈار نے 37 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔ اُنہیں 17 ویں اوور کی پہلی گیند پر کلاس نے بولڈ کیا۔ بسمہ معروف نے ناقابل شکست 53 رنز بنائے۔ یوں پاکستان نے 120 رنز کا ہدف 18 اوورز میں حاصل کرتے ہوئے پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا یہ پہلا میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے کپ، کلاس اور سیخوخونے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ندا ڈار کو نصف سنچری سکور کرنے اور دو وکٹیں حاصل کرنے کی وجہ سے میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG