ملکہ برطانیہ کی ڈائمنڈ جوبلی پر ایک نئے لندن برج کی تعمیر

ڈائمنڈ جوبلی

نئے پل کی تعمیر کے منصوبہ پر22 ملین پاؤنڈ کی لاگت آئے گی۔ یہ پل دریائے ٹیمز پر بنایا جائے گا اور اسے پیدل چلنے والے استعمال کر سکیں گے
سال 2012ء ملکہ برطانیہ کوئین الزبتھ کی ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے یادگار رہاجس میں ملکہ برطانیہ کے ہاتھوں ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے کی تقریبات کا آغاز جون میں ہوا، جبکہ شاہی خاندان کے افراد کی جانب سے ملکہ کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کو دولت مشترکہ ممالک میں منانے کا سلسلہ ابھی جاری ہے جہاں وہ ملکہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ لندن میں ایک نئے پل کی تعمیر بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

نئے پل کی تعمیر کے منصوبہ پر22ملین پاؤنڈ کی لاگت آئے گی۔ یہ پل دریائے ٹیمز پر بنایا جائے گا اوراسے پیدل چلنے والے استعمال کر سکیں گے جو کہ'بیٹرسی' میں چل سیا ہاربر اور لومبارڈ روڈ کو ملانے کا کام سر انجام دے گا ۔جو ان دنوں سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کی وجہ سے بہت مصروف راستہ بن گیا ہے۔

برطانوی نیوز پیپر کے مطابق ماہر تعمیرات 'کرس مڈ لینڈ' نے اس منصوبے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پل ایک پہلے سے قائم شدہ ریل پل جو کہ سنہ 1805 میں تعمیر کیا گیا تھا کے ساتھ ہی بنایا جائے گا ۔

یاد رہے کہ یہ وہی جگہ ہےجہاں سے ملکہ برطانیہ نےاپنی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا آغاز کیا تھا۔

دریائے ٹیمز پر ملکہ کی پھولوں سے سجی شاہی کشتی کے ساتھ ایک ہزار سے زائد کشتی سواروں نے اسی جگہ سے اپنے سفر کا آغاز کیا جو کہ ٹاور برج لندن پر اختتام پذیر ہوا،جہاں لاکھوں لوگوں نے ملکہ برطانیہ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار گھنٹوں بارش میں بھیگتےہوئے کیا۔


کرس مڈلینڈ کے مطابق یہ پل سنہ2014 میں اوائل بہار تک تیار کیا جا سکے گا ۔تا ہم، اس سلسلے میں نقشے کا وقت پر منظور ہونا ضروری ہے۔