پی ایس ایل فائیو: اسلام آباد یونائیٹڈ کی کراچی کنگز کے خلاف بیٹنگ

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ (فائل فوٹو)

پاکستان سپر لیگ کا 14 واں میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اتوار کو سرکاری چھٹی کے باوجود پی ایس ایل میں آج ایک ہی میچ شیڈول ہے۔ کراچی کنگز کی ٹیم آج اسلام آباد اور پیر کو پشاور زلمی سے مقابلہ کرے گی۔

پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ پانچ پوائنٹس کے ساتھ تیسری اور کراچی کنگز دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک پانچ میچز میں سے دو میچ جیتے اور دو ہارے ہیں جبکہ کراچی تین میچز میں سے ایک میں کامیاب اور دو میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

سیزن فائیو میں دونوں ٹیموں کا یہ پہلا مقابلہ ہے۔ اگر ماضی کے پی ایس ایل سیزن کو دیکھا جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کو کراچی کنگز پر سبقت حاصل ہے۔

دونوں ٹیمیں اب تک سیزن تین میں دو مرتبہ اور سیزن فور میں تین مرتبہ ایک دوسرے سے پنچہ آزمائی کر چکی ہیں۔ ان میں صرف ایک مرتبہ کراچی اور چار مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو کامیابی حاصل ہوئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ آج کے میچ میں ڈیوڈ ملان اور کراچی کنگز بابر اعظم جیسے تجربہ کار بیٹسمین اور تجربہ کار بالرز فہیم اشرف اور کرس جارڈن پر انحصار کرے گی۔

ڈیوڈ ملان کا تعلق انگلینڈ سے ہے وہ آل راؤنڈر ہیں۔ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ اور بائیں ہاتھ سے بالنگ کرتے ہیں۔ وہ رائٹ آرم لیگ اسپنر ہیں۔ آئی سی سی رینکنگ میں وہ ٹی 20 فارمیٹ میں چھٹی پوزیشن پر ہیں۔

بابر اعظم پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے بیٹسمین ہیں۔ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے ہیں۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں وہ پہلی، او ڈی آئی رینکنگ میں تیسری اور ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹی پوزیشن پر ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے بالر فہیم اشرف بائیں ہاتھ کے بلے باز ہیں اور دائیں ہاتھ سے ہی بالنگ کراتے ہیں۔ ٹی 20 میں ان کی 26 ویں اور او ڈی آئی میں 72ویں پوزیشن ہے۔

کرس جارڈن رائٹ آرم فاسٹ میڈیم بالر ہیں۔ آئی سی سی رینکنگ میں ٹی 20 فارمیٹ میں ان کی 10 ویں پوزیشن ہے۔

مذکورہ کھلاڑیوں کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں شاداب خان، لیوک رونکی، عماد بٹ، آصف علی، طلعت حسن، محمد موسیٰ، رضوان حسین، ڈیل اسٹین، کولنگ انگرام، کولنگ منرو، رومان رئیس، ظفر گوہر، فلسالٹ، عاکف جاوید، سیف بابر احمد اور سیفی عبداللہ شامل ہیں۔

اسی طرح کراچی کنگز کے اسکوارڈ میں شامل ہیں: کپتان عماد وسیم، ایلکس ہیلز، شرجیل خان، کیمرون ڈلپورٹ، محمد رضوان، افتخار احمد، محمد عامر، عامر یامین، اسامہ میر، عمر خان، علی خان، زائد محمود، چاڈوک والٹن، امین آصف، مچل میکناگن، اویس ضیا اور ارشد اقبال شامل ہیں۔