شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی صحت اور ان کے جائے قیام سے متعلق مقامی میڈیا نے خاموشی اختیار کر لی ہے۔
یہ خاموشی ایسے موقع پر اختیار کی گئی ہے جب انٹرنیشنل میڈیا میں کم جونگ ان کی صحت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ بعض ذرائع ابلاغ نے یہاں تک دعویٰ کیا تھا کہ دل کے آپریشن کے بعد کم جونگ ان کی حالت تشویش ناک ہے۔
بدھ کو شمالی کورین میڈیا میں معمول کی کاروباری خبریں، کم جونگ ان کی کامیابیاں نشر کی جاتی رہیں جب کہ اخبارات نے بھی معیشت اور دیگر امور سے متعلق کم جونگ ان کے فرمان جاری کیے۔
اس سے قبل امریکی نشریاتی ادارے (سی این این) نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا تھا کہ خفیہ اطلاعات ہیں کہ دل کے آپریشن کے بعد کم جونگ ان کی حالت تشویش ناک حد تک خراب ہے۔ تاہم وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔
شمالی کوریا کے حکام نے سی این این کی خبروں کی سختی سے تردید کی تھی۔ پیانگ یانگ کے اتحادی ملک چین نے بھی ان خبروں کو مسترد کیا تھا۔
کورین سینٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) نے بدھ کو اپنی ہیڈلائنز میں کھیلوں کے ساز و سامان کے علاوہ شہتوت کی کاشت اور نظریہ خود انحصاری پر مبنی خبریں نشر کیں۔
شمالی کوریا کے سرکاری اخبار روڈونگ سنمن نے اپنے ایک آرٹیکل میں کم جونگ اُن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس کے علاوہ اخبار نے معیشت، ٹیکسٹائل انڈسٹری، شہروں کی ترقی اور دیگر معاملات پر کم جونگ اُن کے پرانے بیانات بھی شائع کیے۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق معمول کے مطابق تمام اخبارات میں کم جونگ اُن کا نام نمایاں تھا تاہم کسی ایک رپورٹ میں بھی یہ نہیں بتایا گیا کہ ملک کے سربراہ کہاں موجود ہیں۔
ٹرمپ کا کم جونگ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ اُنہیں امید ہے کہ کہ کم جونگ ان خیریت سے ہوں گے۔
منگل کو وائٹ ہاؤس میں معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے شمالی کوریا کے سربراہ کے ساتھ زبردست تعلقات ہیں اور وہ اُنہیں صحت یاب دیکھنا چاہتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کم جونگ ان کی صحت سے متعلق خبروں پر کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ ان خبروں میں کتنی صداقت ہے۔
نیوز بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ سے جب سوال کیا گیا کہ کیا وہ کم جونگ ان کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کریں گے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ شاید وہ ایسا کریں۔
یاد رہے کہ کم جونگ ان کی صحت سے متعلق قیاس آرائیوں نے اس وقت جنم لیا تھا جب پہلی مرتبہ یہ خبر سامنے آئی کہ انہوں نے شمالی کوریا کے بانی رہنما اور اپنے دادا کم ال سنگ کی 15 اپریل کو ہونے والی سالگرہ کی تقریب میں شرکت نہیں کی تھی۔
اس سے قبل مقامی میڈیا نے خبر نشر کی تھی کہ کم جونگ ان کے دل کا آپریشن ہوا ہے اور وہ زیرِِ علاج ہیں۔