رسائی کے لنکس

چیئرمین کم، سالگرہ مبارک ہو: ٹرمپ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کے مشیر چنگ اوئی یونگ نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن کو سالگرہ کی مبارکباد بھیجی ہے۔

چنگ اوئی یونگ نے اس ہفتے واشنگٹن میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے رپورٹروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے لیڈر کیلئے سالگرہ کی مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے جو کم جونگ ان کو جمعرات کے روز پہنچا دیا گیا۔

چنگ نے واپس جنوبی کوریا پہنچنے کے بعد کہا کہ صدر ٹرمپ کو کم جونگ ان سے ملاقات کا وہ دن یاد تھا جب ان کی سالگرہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے جنوبی کوریا کے صدر مون جائے ان سے کہا کہ وہ ان کی طرف سے سالگرہ کی مبارکباد شمالی کوریا کے لیڈر کو پہنچا دیں جو جمعرات کے روز انہیں پہنچا دی گئی۔

تاہم، انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ صدر ٹرمپ کا یہ پیغام تحریری تھا یا اس میں مبارکباد کے علاوہ اور چیزوں کا تذکرہ بھی شامل تھا۔

اگرچہ شمالی کوریا کی حکومت نے کبھی چیئرمین کم کی سالگرہ کے دن کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی۔ تاہم، خیال کیا جاتا ہے کہ ان کی سالگرہ 8 جنوری کو ہوتی ہے۔ امریکی حکومت نے چیئرمین کم کی پیدائش کا سال 1984 درج کیا ہے۔ یوں ان کی موجودہ عمر 36 سال بنتی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگس نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کے مشیر چنگ نے بدھ کے روز شمالی کوریا کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے سٹیفن بیجن سے ملاقات کی جس میں شمالی کوریا کیلئے امریکہ اور جنوبی کوریا کی حکومتوں کے درمیان قریبی تعاون کے عہد کی تجدید کی گئی۔ دونوں اہلکاروں نے مشرق وسطیٰ میں موجود صورت حال اور عالمی سیکورٹی امور کے بارے میں قریبی تعاون سے متعلق بھی گفتگو کی۔

جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ کانگ کیونگ واہا آئیندہ ہفتے امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو سے کیلی فورنیا میں ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں جاپانی وزیر خارجہ توشی میتسو موٹیگی بھی شریک ہوں گے۔

جنوبی کوریا کے صدر مون جائے اُن نے منگل کے روز کہا تھا کہ شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات بہتر بنانےکے عملی طریقوں پر غور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG