امریکہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، مالٹا، اسپین اور برطانیہ نے جمعے کے روز ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے، جِس میں لیبیا میں ’سیاسی محاذ آرائی‘ کی صورت حال پر ’سخت تشویش‘ کا اظہار کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی عدالت عظمیٰ کی طرف سے دیے گئے فیصلے کے ’متن اور مضمرات کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے‘۔
مشترکہ بیان میں اِس بات پر توجہ دلائی گئی ہے کہ ’لیبیا کو چیلنج درپیش ہیں، جِن کا سیاسی حل درکار ہے‘۔
اِن ممالک نے اِس مشکل وقت میں، لیبیائی عوام کی مدد کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے نمائندہٴ خصوصی کی طر ف سے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اور تمام فریق پر زور دیتے ہیں کہ کسی پیش رفت کی راہ کی تلاش کے لیے ’فوری مشاورت کو یقینی بنایا جائے‘۔
اِن ملکوں نے تمام فریق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ساری فوجی کارروائیاں بند کر دیں، اور ملک کو مزید محاذ آرائی کی طرف دھکیلنے یا منقسم کرنے کے باعث اقدامات سے احتراز کیا جائے۔