جماعت الدعوة کے رہنماؤں کو ایک اور کیس میں نو، نو سال قید کی سزا

عدالت نے اِسی کیس میں پروفیسر حافظ عبدالرحمٰن مکی کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ (فائل فوٹو)

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوة کے رہنماﺅں کو ایک اور مقدمے میں نو، نو سال قید کی سزا سنائی ہے۔

کیس کی سماعت ہفتے کو انسدادِ دہشت گردی عدالت نمبر تین کے جج اعجاز احمد بٹر نے کی جس میں سرکاری وکیل ڈپٹی پراسیکوٹر جنرل پنجاب عبدالجبار ڈوگر نے جماعت الدعوة کے رہنماؤں پروفیسر ظفر اقبال، محمد یحییٰ مجاہد، نصر اللہ، سمیع اللہ اور عمر بہادر پر جرح کی۔

کیس کی سماعت سے متعلق ڈپٹی پراسیکوٹر جنرل پنجاب نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سماعت ساڑھے تین گھنٹے جاری رہی جس میں آٹھ گواہوں کے بیانات قلم بند کیے گئے۔

جماعت الدعوة کی جانب سے محمد عمران فضل گل ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور گواہوں کے بیانات پر جرح کی۔

عدالت نے دونوں اطراف کے دلائل سننے اور حتمی بحث کے بعد پروفیسر ظفر اقبال، محمد یحییٰ مجاہد، نصراللہ، سمیع اللہ اور عمر بہادر کو کالعدم جماعت سے تعلق کے الزام پر نو، نو سال قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزائیں سنائی ہیں۔

عدالت نے اِسی کیس میں پروفیسر حافظ عبدالرحمٰن مکی کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

Your browser doesn’t support HTML5

جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید گوجرانوالہ سے گرفتار

کالعدم تنظیم جماعت الدعوة کے رہنماؤں کے خلاف محکمہ انسدادِ دہشت گردی پنجاب نے گزشتہ برس میں پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں مقدمہ نمبر 18/20 درج کیا تھا۔

جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید کو بھی انسدادِ دہشت گردی کی عدالتیں مختلف مقدمات میں سزائیں سنا چکی ہیں اور وہ اِس وقت قید میں ہیں۔

جماعت الدعوة کے سربراہ اور دیگر رہنماؤں کے خلاف پنجاب کے دیگر شہروں میں لگ بھگ 41 مختلف مقدمات درج ہیں جن میں سے بیشتر میں عدالتیں فیصلہ سنا چکی ہیں۔

گزشتہ ہفتے جماعت الدعوة کے رہنماؤں پروفیسر حافظ عبد الرحمٰن مکی، پروفیسر ظفر اقبال، یحییٰ مجاہد، حافظ مسعود الرحمٰن اور لقمان شاہ کو انسدادِ دہشت گردہ عدالت نمبر ایک کے جج ارشد حسین بھٹہ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

جہاں سی ٹی ڈی کی طرف سے درج سات مقدمات کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سی ٹی ڈی کو مذکورہ رہنمائوں کے خلاف چالان جمع کرانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے آئندہ تاریخ سماعت 10 اپریل مقرر کی ہے۔

Your browser doesn’t support HTML5

کالعدم تنظیم کے امیر کی گرفتاری کیا عالمی دباؤ کا نتیجہ ہے؟

اِس سے قبل رواں برس 18 جنوری کو انسدادِ دہشت گردی عدالت نمبر ایک کے جج ارشد حسین بھٹہ سی ٹی ڈی کی طرف سے لاہور اور سرگودھا میں درج دو مقدمات میں جماعت الدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو ساڑھے 14، 14 سال جب کہ پروفیسر حافظ عبدالرحمٰن مکی کو چھ ماہ قید کی سزا سنا چکے ہیں۔

اِسی طرح رواں سال 22 جنوری کو انسداد دہشت گردی عدالت نمبر ایک نے ایک مقدمے میں کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں پروفیسر حافظ عبدالرحمٰن مکی، پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو چھ، چھ ماہ قید کی سزائیں سنائی تھیں۔