رسائی کے لنکس

جماعت الدعوة کے مزید 3 مرکزی رہنماؤں کو دو مقدمات میں سزائیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کالعدم جماعۃ الدعوۃ کے تین مرکزی رہنماؤں کو دو الگ الگ مقدمات میں مزید سزائیں سنا دیں۔

انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت نمبر تین کے جج اعجاز احمد بٹر نے محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب کی جانب سے درج دو مقدمات 89/19 اور 90/19 کی سماعت کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے رہنماؤں پروفیسر ظفر اقبال، پروفیسر حافظ عبدلرحمان مکی اور محمد اشرف کا الگ الگ مقدمات میں سزائیں سنائیں۔ عدالت نے دونوں کیسوں میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرانے اور جرح مکمل ہونے پر مقدمات کا فیصلہ سنایا۔

وائس آف امریکہ نے اِس سلسلے میں عدالتی پراسیکوٹر سے رابطہ کیا تو اُنہوں نے مقدمے اور فیصلے کی تفصیلات بتانے سے گُریز کیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق پروفیسر ظفر اقبال اور محمد اشرف کو الگ الگ مقدمات میں سولہ سولہ سال قید جب کہ پروفیسر حافظ عبدالرحمٰن مکی کو ایک سال قید کی سزائیں سنائیں۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ملزمان کو اے ٹی سی ایکٹ ۱۹۹۷ کی دفعہ 11-F(6) کے تحت 18 ماہ قید اور 20 ہزار روپے جرمانے کی سزا، اے ٹی سی ایکٹ 11-N اور 11-H کے تحت پانچ سال قید کی سزا اور 50 ہزار روپے جرمانہ، سیکشن 11-N اور 11-J کے تحت پانچ سال قید کی سزا اور 50 ہزار روپے جرمانہ اور سیکشن 11-N اور 11-I(2)(b) کے تحت پانچ سال قید کی سزا اور 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزائیں سنائی ہیں۔ یہ تمام سزائیں اکٹھی شروع ہوں گی۔

عدالت نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ملزمان پر دہشت گروں کی مالی معاونت کرنے کے جرم میں سزائیں سنائی ہیں۔

تمام ملزمان کے خلاف گزشتہ سال 2019 میں جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی کی مدعیت میں الگ الگ مقدمات درج کیے گئے تھے۔ جنہیں بعد ازاں لاہور منتقل کر دیا گیا تھا۔

وائس آف امریکہ سے اِس سلسلے میں جماعت الدعوة سے رابطہ کیا تو وہ دستیاب نہیں ہو سکے۔

واضح رہے کہ جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں مزید کئی مقدمات زیر سماعت ہیں۔ جن میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔ زیرِ سماعت مقدمات میں جماعت کے وکلاء نصیرالدین نیئر اور محمد عمران فضل گل ہیں۔

جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید گوجرانوالہ سے گرفتار
please wait

No media source currently available

0:00 0:00:37 0:00

واضح رہے کہ اس سے قبل انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید اور اُن کے دیگر ساتھیوں حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر حافظ عبدالرحمٰن مکی، پروفیسر ظفر اقبال، یحییٰ مجاہد، لقمان شاہ اور حافظ مسعود الرحمٰن کو مختلف مقدمات میں سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG