بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے علاقے گنز اور پیشکان میں نامعلوم افراد نے ایک نجی ہاؤسنگ اسکیم کے محنت کشوں کے گروپ پر فائرنگ کرکے پانچ مزدوروں کو ہلاک اور دو کو زخمی کر دیا۔
ہلاک شدگان کی لاشوں اور زخمی ہونے والے محنت کشوں کو فوری طور پر ’جی ڈی اے اسپتال‘، گوادر منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے راستوں کی ناکہ بندی کر دی ہے۔
تفصیل کے مطابق، گوادر کے نواحی علاقے، گنز اور پیشکان کے درمیان نامعلوم افراد نے پرائیوٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ میں کام کرنے والے محنت کشوں کے ایک گروپ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 مزدور ہلاک ہوگئے، جبکہ دو محنت کش زخمی ہوئے۔
ہلاک ہونے والے مزدوروں میں سے دو کا تعلق کراچی، ایک کا سکھر اور ایک کا تعلق ملتان سے بتایا جا رہا ہے، جبکہ ایک کی شناخت نہیں ہو سکی۔
سیکوررٹی فورسز کے اہلکاروں نے ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں جی ڈی اے اسپتال پہنچا دی ہیں۔ گوادر میں دہشت گردی کی اس واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
ملزمان کی گرفتاری کے لئے سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ سال اسی سڑک پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے تعمیراتی کام کرنے والے متعدد مزدوروں کی جان لی تھی۔