بلوچستان کے ضلع خاران میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے چھ مزدوروں کو ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا ہے۔ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
لیویز حکام کے مطابق بلوچستان کے جنوب مغربی ضلع خاران کے علاقے لیجے تھوک میں ایک موبائل کمپنی کے ٹاور پر کام کرنے والے سات مزدوروں پر جمعرات اور جمعے کی درمیانی نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت فائرنگ کی جب مزدور سو رہے تھے۔
فائرنگ سے چھ مزدور ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز کے دستے جائے واقعہ پر پہنچے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال خاران منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہلاک شدگان کی لاشوں کو ان کے آبائی علاقے میں روانہ کیا جائے گا۔
علاقے میں لیویز کے رسالدار مولا بخش کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق صوبہ پنجاب کے علاقے اوکاڑہ سے ہے اور میتوں کو وہاں بھیجنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
بلوچستان میں اس سے قبل بھی دوسرے صوبوں سے محنت مزدوری کے لیے آنے والے محنت کشوں کے قتل کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔ ایسے بیشتر واقعات کی ذمہ داری صوبے میں سرگرم کالعدم بلوچ عسکری تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں۔
تاہم حالیہ چند ماہ کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتِ حال میں بہتری آنے کے بعد اس طرح کے حملوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔