کراچی میں اس بار عید کے موقع پر ہونے والی خرید و فروخت نے 10 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔وزیر مملکت عابد شیر علی اور آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کا کہنا ہے کہ شہریوں نے اس بار 70 ارب روپے سے زیادہ کی خرید و فروخت کی۔
ادھر مبصرین اور سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ شہر میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور اسی سبب اتنے بڑے پیمانے پر کاروبار ہوا۔ عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ بھتہ خوری، اسٹریٹ کرائم اور دیگر وارداتوں میں 95فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین، عتیق میر کے بقول ’امن و امان میں بہتری آنے کے سبب عید کی خریداری کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ رمضان کے ابتدائی دنوں سے ہی بازاروں میں گہما گہمی، چہل پہل اور رونقیں دکھائی دیں۔ لوگوں نے بے خوف و خطر رات میں بھی شاپنگ کی۔ اس کے لئے تاجر برادری رینجرز اور دیگر سیکورٹی اداروں کی مشکور ہے۔ ان کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں عتیق میر کا کہنا تھا کہ ’رواں سال عید سیزن سیل کیلئے تاجروں نے تقریباً 90 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی تھی جبکہ شہریوں نے 70 ارب روپے کی خریداری کی۔ شہر کے 25 مقامات پر 250 سے زائد بازار لگے جیسے کلفٹن، ڈیفنس، بہادر آباد، طارق روڈ، صدر، لیاقت آباد اور حیدری‘۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خریداروں نے زیادہ تر ریڈی میڈ گارمنٹس، جوتے، ہوزری، چوڑیاں، کاسمیٹکس، فرنیچر، پردے، خواتین کے استعمال کی مختلف اشیاء، کپڑے ،جیولری اور میک اپ کا سامان بیچنے والی دکانوں اور مارکیٹوں کا رخ کیا۔