رسائی کے لنکس

عید کی تیاریاں شروع، کراچی کے 'بازار' سج گئے


کراچی میں بھی ان دنوں عید کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ عید کی خصوصی شاپنگ کیلئے شہر بھر کے تمام چھوٹے بڑے بازاروں میں شہرہوں کا خوب رش ہے

کراچی: ​ماہ رمضان کے بعد عیدالفطر کا تہوار جہاں دنیا بھر کے مسلمان بھرپور مذہبی جوش و خروش سے مناتے ہیں، وہیں پاکستان میں بھی عید کا تہوار منانے کیلئے بھرپور تیاریاں کی جاتی ہیں۔

رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ شروع ہوتے ہی عید کی تیاریوں میں تیزی آگئی ہے۔

کراچی میں بھی مختلف بازاروں سمیت عید کیلئے خصوصی بازار سجائےگئے ہیں جہاں شہریوں کا خوب رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔

شہر کے مختلف حصوں میں عید بازار لگائے گئے ہیں، جہاں شہری خریداری میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ کراچی کے علاقے کلفٹن میں ایسے ہی ایک 'عید بازار' کا انعقاد کیا گیا، جہاں خواتین کیلئے خوبصورت ملبوسات فروخت کیلئے پیش کئے گئے، جہاں شہریوں کا خوب رش دیکھنے میں آیا۔

عید بازار کی آرگنائزر منیرہ نے ’وائس آف امریکہ‘ کی نمائندہ سے گفتگو میں بتایا کہ ’یہ عید بازار ہر سال لگایا جاتا ہے، جسمیں شہریوں کیلئے ایک خاص کلیکشن موجود ہوتی ہے، جس میں وہ اپنی چیزوں کا انتخاب کر سکتے ہیں‘۔

منیرہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جانب سے عید کیلئے لگائے گئے ان بازاروں کا ایک اچھا ’رسپانس ملتا ہے‘، جس سے اندازہ ہوتا ہے لوگ ایک عام بازار سے ہٹ کر ایسے بازاروں کو پسند کرتے ہیں۔

دوسری جانب، طارق روڈ،حیدری مارکیٹ، جامع کلاتھ مارکیٹ، کریم آباد، ناظم آباد گلف مارکیٹ گو کہ ہر بازار میں ان دِنوں خوب رش ہے۔

کراچی کی ایک بڑی مارکیٹ میں عید شاپنگ کیلئے آنےوالی ایک نوجوان خریدار نے بتایا کہ ’روزے افطاری کے بعد، میں اور میری فیملی بازار آئے ہیں۔ ابھی تو شاپنگ شروع ہوئی ہے۔ کپڑے، جیولری، چوڑیاں، جوتے ہر طرف رش ہے۔ یہ شاپنگ عید کی چاند رات تک جاری رہےگی‘۔

ایک اور خاتون نے بتایا کہ عید کا سیزن آتے ہی جہاں پاکستان سے باہر ہر چیز پر سیل لگتی ہے، قیمتیں کم ہوجاتی ہیں وہیں پاکستان میں ہر چیز کی قیمت کو، بقول اُن کے، ’پر لگ جاتے ہیں، دکانداروں کے نخرے بھی اٹھائیں اور منہ مانگی قیمتیں بھی دیں۔ مگر، عید کی شاپنگ کا اپنا ہی مزہ ہے‘۔

جہاں چھوٹی بڑی دکانوں پر خریداروں کا ایک ہجوم نظر آ رہا ہے، وہیں شہر کراچی کی ہر مارکیٹ میں عیدالفطر کی خریداری کیلئے خصوصی اسٹالز لگائے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG