انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 14 ویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل ہی لیگ میں شامل کھلاڑیوں اور عملے پر کرونا نے وار شروع کر دیے ہیں۔
نو اپریل سے شروع ہونے والے ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان چنئی میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کو عالمی وبا سے بچانے کے لیے تماشائیوں کو گراؤنڈ میں میچ دیکھنے کی اجازت نہیں ہو گی تاہم ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی دونوں ٹیموں میں کرونا کے مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔
ایونٹ میں شامل فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور نے بدھ کو اپنے ایک ٹوئٹ میں تصدیق کی ہے کہ ٹیم میں شامل غیر ملکی کھلاڑی ڈینئل سیمز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہیں آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق آل راؤنڈر کھلاڑی میں کرونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں لیکن انہیں آئسولیشن میں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
فرنچائز کا کہنا ہے کہ ڈینئل کا تین اپریل کو کرونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو منفی آیا تھا جب کہ بھارت آمد کے موقع پر بھی ان کی کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی تھی۔
بیان کے مطابق رائل چیلنجرز بنگلور کی میڈیکل ٹیم ڈینئل سے مسلسل رابطے میں ہے اور ان کی صحت کا مشاہدہ کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کے طے کردہ پروٹوکول پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
ڈینئل سے قبل ممبئی انڈین کی کوچنگ ٹیم میں شامل سابق بھارتی وکٹ کیپر کرن مور کا منگل کو کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
کرن مور نے کرونا کی تصدیق کے بعد خود کو چنئی میں ہی آئسولیٹ کر لیا تھا جہاں دفاعی چیمپئن ممبئی انڈین ایونٹ میں اپنے ابتدائی میچز کھیلے گی۔
کوچنگ اسٹاف میں شامل رکن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ممبئی انڈین نے احتیاطی تدابیر کے پیشِ نظر منگل کو ہونے والے ٹریننگ سیشن کو منسوخ کر دیا تھا۔
SEE ALSO: پی ایس ایل تو مکمل نہ ہوسکا، بھارت آئی پی ایل کے کامیاب انعقاد کے لیے پر امید کیوں؟یاد رہے کہ ممبئی انڈین کی قیادت روہت شرما کے پاس ہے تو رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی ہیں جو نیشنل ٹیم کے بھی کپتان ہیں۔
دونوں ٹیموں کے پاس زبردست بیٹنگ اور بالنگ لائن اپ میں کئی نامور کھلاڑی ہیں۔
آئی پی ایل کی 13 سالہ تاریخ میں ممبئی انڈینز نے پانچ مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے جب کہ رائل چیلنجرز بنگلور تین مرتبہ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہی لیکن ٹائٹل نہ جیت سکی۔
لیگ کو کرونا سے بچانے کے اقدامات
آئی پی ایل کو کرونا سے بچانے کے لیے بی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کی طرح رواں برس بھی سخت پروٹوکولز کا خیال رکھا جائے گا۔
گزشتہ برس آئی پی ایل کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے اور ایونٹ کے تمام میچز کامیابی سے مکمل ہوئے تھے۔
بی سی سی آئی کے مطابق ایونٹ کے ابتدائی 56 لیگ میچز تماشائیوں کے بغیر کھیلے جائیں گے جب کہ دوسرے مرحلے میں کھیلے جانے والے 14 میچز میں تماشائیوں کو گراؤنڈ میں آنے کی اجازت دینے یا نہ دینے سے متعلق فیصلہ بعد میں صورتِ حال کو دیکھ کر کیا جائے گا۔
ایونٹ میں شامل تمام آٹھ ٹیموں کو لیگ میچز میں صرف تین بار ہی ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کیا جائے گا تاکہ کرونا کے خطرے کو کم سے کم کیا جائے۔
لیگ میچز میں ہر ٹیم چار مقامات پر میچز کھیلے گی۔ چنئی، ممبئی، کولکتہ اور بنگلورو میں 10، 10 جب کہ احمد آباد اور دہلی میں آٹھ میچز ہوں گے۔
بی سی سی آئی کے مطابق میچز کا شیڈول اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ تمام ٹیمیں اپنے ہوم گراؤنڈ کے بجائے نیوٹرل وینیو پر میچز کھیلیں۔