رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: کرکٹرز کو ہاتھ ملانے اور ہائی فائیو سے گریز کی ہدایت


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرونا وائرس کے باعث سماجی فاصلے برقرار رکھنے کے لیے کھلاڑیوں اور امپائرز کے لیے گائید لائنز جاری کر دی ہیں۔

جمعے کو جاری کیے گئے نئے ایس او پیز کے تحت کھلاڑیوں کو کھیل کے دوران ہاتھ ملانے، ہائی فائیو یا بغل گیر ہونے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ امپائرز بھی گلوز پہن کر گیند کا معائنہ کریں گے۔

کھلاڑی اپنی کیپس، جرسی یا دیگر اشیا امپائرز کے حوالے نہیں کر سکیں گے۔ کھلاڑی ہینڈ سینیٹائزر بھی استعمال کرنے کے پابند ہوں گے۔

آئی سی سی نے کرکٹ کی واپسی سے متعلق ایک ہدایت نامہ جمعے کو جاری کیا ہے جس میں کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ دوران ٹریننگ بھی ایک دوسرے سے 1.5 میٹر کا فاصلہ رکھیں۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ وکٹ حاصل کرنے یا کسی اور موقع پر خوشی کا اظہار کرنے کے دوران کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کو نہ چھونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یعنی کھلاڑی ہاتھ ملانے یا ہائی فائیو نہیں کر سکیں گے۔

گیند پر تھوک نہ لگانے کی سفارش کی بھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے منظوری دے دی ہے۔ یاد رہے کہ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی نے کرونا کے پیشِ نظر گیند کو چمکانے کے لیے تھوک نہ لگانے کی سفارش کی تھی۔

آئی سی سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے گیند وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔ لہذٰا نئی گائیڈ لائنز پر عمل سے اسے روکا جا سکتا ہے۔

کھلاڑیوں کو گیند چھونے کے بعد سینیٹائزر استعمال کرنے اور چہرے کو ہاتھ لگانے سے گریز کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

البتہ آئی سی سی نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس صورتِ حال میں کیا ہو گا اگر دورانِ کھیل کوئی کھلاڑی یا امپائر کرونا سے متاثر ہو جاتا ہے۔

آئی سی سی کی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ میں ایک دوسرے کے قریب رہنا پڑتا ہے جب کہ مشترکہ سہولیات بھی استعمال کرنا پڑتی ہیں۔ لہذٰا احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔

دنیا بھر میں مارچ سے کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہیں، پاکستان میں پی ایس ایل نا مکمل جب کہ بھارت میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو وائرس کے پھیلاؤ کے سبب ملتوی کر دیا گیا تھا۔

لیکن آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اب کرکٹ کی سرگرمیاں نئی سماجی پابندیوں کے ساتھ شروع کی جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG