رسائی کے لنکس

بابر اعظم ون ڈے ٹیم کے بھی کپتان مقرر، سرفراز کی سینٹرل کانٹریکٹ میں تنزلی


بابر اعظم (فائل فوٹو)
بابر اعظم (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیزن 2020-21 کے لیے 18 کھلاڑیوں کے سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ سابق کپتان سرفراز احمد اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کی کیٹیگری اے سے کیٹیگری بی میں تنزلی ہو گئی ہے۔ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کے بعد اب ون ڈے ٹیم کی بھی کپتانی سونپ دی گئی ہے۔

اظہر علی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ وہاب ریاض، محمد عامر اور حسن علی کو سینٹرل کنٹریکٹ سے خارج کر دیا گیا ہے۔ البتہ وہ قومی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ وہاب ریاض اور محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے کر صرف محدود اوورز کی کرکٹ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔

یکم جولائی سے نافذ العمل سینٹرل کانٹریکٹ میں فاسٹ بولر نسیم شاہ اور مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد کو شامل کیا گیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی کو اے کیٹیگری میں شامل کر لیا گیا ہے۔ عابد علی، محمد رضوان اور شان مسعود کو بی کیٹیگری میں ترقی دے دی گئی ہے۔

پی سی بی نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے نئی ایمرجنگ پلیئر کیٹیگری تشکیل دی ہے۔ جس میں ابتدائی طور پر نوجوان بلے باز حیدر علی اور نوجوان فاسٹ بولرز محمد حسنین اور حارث رؤف کو شامل کیا گیا ہے۔

کیٹیگری اے میں اظہر علی، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ کیٹیگری بی میں عابد علی اسد شفیق، حارث سہیل، محمد عباس، محمد رضوان، سرفراز احمد، شاداب خان، یاسر شاہ اور شان مسعود کو رکھا گیا ہے۔

کیٹیگری سی میں فخر زمان، عماد وسیم، افتحار احمد، امام الحق، نسیم شاہ، عثمان شنواری کو شامل کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG