رسائی کے لنکس

ثنا میر نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ثنا میر نے ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ ثنا میر بطور آل راؤنڈر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا حصہ رہی ہیں۔

ثنا میر نے پاکستان کی جانب سے 120 ایک روزہ میچز میں 151 جب کہ 106 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 89 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ 2009 سے 2017 تک پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان رہیں۔ اس دوران اُنہوں نے 137 بین الاقوامی میچز میں کپتانی کی۔

کرکٹ ویب سائٹ 'کرک انفو' کے مطابق ثنا میر گزشتہ سال نومبر سے بین الاقوامی کرکٹ سے دور تھیں۔ دورہ انگلینڈ کے علاوہ خراب فارم کے باعث اُنہیں رواں سال ہونے والے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں بھی جگہ نہیں ملی تھی۔

ثنا میر نے دسمبر 2005 میں سری لنکا کے خلاف کراچی میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تھا۔ اُنہوں نے اپنا آخری میچ نومبر 2019 میں لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا۔

ثنا میر کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے وہ اس فیصلے پر غور کر رہی تھیں۔ لہذٰا اُن کے نزدیک یہ اس فیصلے کے لیے درست وقت تھا۔ ثنا میر کے بقول 15 سالہ کیریئر میں اُنہوں نے پاکستان کے لیے اپنی سو فی صد کارکردگی دکھانے کی کوشش کی۔

ثنا میر نے کہا کہ وہ اس طویل سفر میں تعاون پر اپنے دوستوں اور اہل خانہ کی شکر گزار ہیں۔ البتہ اُن کا کہنا تھا وہ اپنے ڈیپارٹمنٹ یعنی زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے کھیلتی رہیں گی۔

ثنا ڈار کے پاس پاکستان کی جانب سے ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا بھی اعزاز ہے۔

XS
SM
MD
LG