رسائی کے لنکس

پاکستان کو زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست، سیریز ایک ایک سے برابر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کو زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20 میں 19 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ہرارے اسپورٹس کلب میں ہونے والے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ سے قبل پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

زمبابوے کی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کے رن ریٹ کم رہا ہے۔ پانچویں اوور میں پہلی وکٹ 19 رنز پر گریجب برینڈن ٹیلر فہیم اشرف کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

زمبابوے کی ٹیم 10 اوورز میں 47 رنز بنا سکی تھی۔ جب کہ اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ اس کے بعد کے باقی 10 اوورز میں ٹیم کے مزید آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے اور مقررہ 20 اوورز میں زمبابوے کی ٹیم نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 118 رنز بنا سکی۔

زمبابوے کے تیناشے سب سے کامیاب بیٹسمین رہے جنہوں نے 40 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے۔ جب کہ ریگیس چاکابوا نے 18 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین اور دانش عزیز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جب کہ فہیم اشرف، ارشد اقبال، حارث رؤف اور عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ لی۔

پاکستان نے 119 رنز کے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو اس کا رن ریٹ بھی انتہائی سست رہا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ چھٹے اوور میں صرف 21 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد رضوان 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد پاکستان کے کھلاڑی یک بعد دیگرے ویلین لوٹتے رہے۔ اور 20 ویں اوور میں پوری ٹیم 99 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم سب سے کامیاب بیٹسمین رہے جنہوں نے 45 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔ جب کہ دانش عزیز 22 رنز اور محمد رضوان 13 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ باقی ٹیم کو کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں رنز نہیں بنا سکا۔

زمبابوے کے لوک جوگوے سب سے کامیاب بالر رہے۔ انہوں نے 18 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ جب کہ ریان برل نے 21 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔ دوسرے میچ میں زمبابوے کی فتح سے سیزیز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے۔ سیریز کا آخری میچ 25 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں میں دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ اس ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 29 اپریل سے تین مئی جب کہ دوسرا میچ سات مئی سے 11 مئی تک کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG