رسائی کے لنکس

پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کو 11 رنز سے شکست دے دی


پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 11 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔

ہرارے میں کھیلے گئے پہلے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 61 گیندوں پر 82 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ بابر اعظم صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنا سکی۔

محمد رضوان نے اپنی اننگز کے دوران 10 چوکے اور ایک چھکا لگایا اور اُنہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

پاکستان کا مڈل آرڈر ایک بار پھر اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 13، محمد حفیظ پانچ، دانش عزیز 15، حیدر علی پانچ، فہیم اشرف ایک اور محمد نواز نو رنز بنا سکے۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا تاہم بعدازاں وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔

زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے عثمان قادر چار اوورز میں 29 رنز دے کر تین جب کہ محمد حسنین چار اوور میں 27 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔

تین میچوں کی سیریز کے بقیہ میچز 23 اور 25 اپریل کو ہرارے میں ہی کھیلے جائیں گے۔

بابر اعظم کے پاس کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑنے کا موقع

زمبابوے جیسے آسان حریف کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے پہلے میچ میں تو بابر اعظم ناکام رہے۔ تاہم اب بھی اُن کے پاس موقع ہے کہ وہ بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی کا سب سے کم میچز کھیل کر دو ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ سکیں۔

بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کی 50 اننگز میں اب تک 1942 رنز بنا رکھے ہیں اور اگر وہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں دو ہزار رنز مکمل کر لیتے ہیں تو وہ وراٹ کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ سکیں گے۔

بھارتی کپتان نے یہ سنگِ میل 56 اننگز کھیل کر عبور کیا تھا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم نے وراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی تھی۔

XS
SM
MD
LG