رسائی کے لنکس

یونس خان کا بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان


یونس خان (فائل فوٹو)
یونس خان (فائل فوٹو)

انھوں نے اب تک 115 ٹیسٹ میچوں میں 9977 رنز اسکور کر رکھے ہیں جس میں 34 سینچریاں اور 32 نصف سینچریاں شامل ہیں۔

پاکستان کے مایہ ناز بلے باز یونس خان نے بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز ان کے کریئر کی آخری سیریز ہوگی۔

ہفتہ کو کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنی ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے 17 سالہ کریئر کے دوران ملنے والی مستقل حمایت پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

یونس خان نے کہا کہ یہ فیصلہ انھوں نے سوچ سمجھ کر کیا ہے اور اپنے کریئر کے دوران انھوں نے ملک کی بہترین خدمت کرنے کی کوشش کی لیکن اس ضمن میں ان سے اگر کوئی غلطی ہوئی تو اسے "نظر انداز کردیں"

39 سالہ یونس خان ٹیسٹ کریٹ میں دس ہزار انفرادی رنز کے سنگ میل سے صرف 23 رنز کی دوری پر ہیں اور انھیں توقع ہے کہ وہ یہ ہدف رواں ماہ کے اواخر میں شروع ہونے والی ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز میں حاصل کر لیں گے۔

دو روز قبل ہی پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے بھی ویسٹ انڈیز سیریز کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا۔

یونس خان نے 2009ء میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے اسے فتح سے ہمکنار کیا تھا جس کے بعد انھوں نے کرکٹ کے اس شعبے سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

2015ء میں متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کےخلاف سیریز کے بعد انھوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میچوں سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی ہیں۔

انھوں نے اب تک 115 ٹیسٹ میچوں میں 9977 رنز اسکور کر رکھے ہیں جس میں 34 سینچریاں اور 32 نصف سینچریاں شامل ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 313 ہے۔

XS
SM
MD
LG