فرانس کے صدر نیکولا سارکوزی نے کہا ہے کہ تقریباً چھ ماہ قبل یمن سے اغوا کیے گئے تین فرانسیسی امدادی کارکنوں کو عمان کے سلطان کی مدد سے رہا کرا لیا گیا ہے۔
ایک بیان میں فرانسیسی صدر نے عمان کے رہنما کی ’’فیصلہ کن مدد‘‘ پر شکریہ ادا کیا تاہم اس رہائی کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔
دو مرد اور ایک خاتون کارکن فرانس کی امداد تنظیم ’ٹرائی اینگل جنریشن ہیومنیٹائر‘ کے لیے کام کرتے ہیں اور اُنھیں 28 مئی کو یمن کے ایک مشرقی صوبے سے اغواء کیا گیا جہاں القاعدہ تنظیم کا مقامی ونگ خاصا سرگرم ہے۔
جولائی میں اغواء کاروں نے امدادی کارکنوں کی رہائی کے بدلے ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔