یمن سے تعلق رکھنے والے القاعدہ کے ایک رہنما نے تنظیم کے سربراہ اسامہ بن لادن کی امریکی فوجیوں کے ہاتھوں گزشتہ ہفتے ہونے والی ہلاکت کا انتقام لینے کیلیے امریکہ پر نئے حملے کرنے کی دھمکی دی ہے۔
بدھ کے روز انٹرنیٹ پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں القاعدہ کی یمنی شاخ کے رہنما ناصر الوحشی کا امریکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسامہ بن لادن کی موت سے "جہاد کی چنگاریاں مزید پھیلیں گی"۔ ان کے بقول "اب جو کچھ ہونے والا ہے وہ شدید بھی ہوگا اور بدترین بھی"۔
عالمی دہشت گرد تنظیم کے 'القاعدہ اِن عریبین پینی سولا' نامی ذیلی گروہ کی جانب سے مذکورہ دھمکی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی سینیٹ کی امورِ خارجہ کمیٹی کے سربراہ سینیٹر جان کیری نے آئندہ ہفتے پاکستان جانے کا اعلان کیاہے۔
سینیٹر کیری کے دورے کا مقصد بن لادن کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں آنے والے تنائو کو پاکستانی قیادت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے دور کرنا اور باہمی تعلقات کو معمول پر لانا بتایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی نیوی کمانڈوز نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں خفیہ کاروائی کرکے القاعدہ رہنما اسامہ بن لادن کو ہلاک کردیا تھا جو امریکی دعووں کے مطابق وہاں گزشتہ چھ برس سے روپوش تھے۔
القاعدہ رہنما کی پاکستان میں موجودگی اور امریکی افواج کے پاکستانی سرزمین پر یک طرفہ آپریشن سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید کشیدگی آگئی تھی۔