رسائی کے لنکس

یمن میں ریکارڈ تعداد میں پناہ گزینوں کی آمد


یمن میں ریکارڈ تعداد میں پناہ گزینوں کی آمد
یمن میں ریکارڈ تعداد میں پناہ گزینوں کی آمد

اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں سے متعلق ادارے نے کہاہے کہ پچھلے سال قرن افریقہ سے ریکارڈ تعداد میں پناہ گزینوں نے تشدد، غربت اور خشک سالی سے تنگ آکر اپنی جانیں بچانے کے لیے سرحد عبور کرکے یمن میں پناہ لی۔

ادارے کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق یہ تعداد ایک لاکھ تین ہزار کے لگ بھگ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرحد عبور کرنے والے پناہ گزینوں کی تعداد 2010ء کے مقابلے میں تقریباً دگنی ہے اور ادارے کے ریکارڈ میں کسی بھی سال کی تعداد کے مقابلے میں یہ 25 ہزار زیادہ ہے۔

یواین ایچ سی آر کے ترجمان ادرین ایڈورڈز نے جمعے کے روز کہا کہ سرحد عبور کرکے یمن داخل ہونے والے تین چوتھائی پناہ گزینوں کاتعلق ایتھوپیا ہے۔

ترجمان کا کہناتھا کہ ایتھوپیا کے بہت سے پناہ گزینوں نے ادارے کے عہدے داروں کو بتایا کہ انہوں نے روزگار کی تلاش میں اپنا گھر بار چھوڑ اہے۔ اور وہ یمن کو ایک ایسی گذرگاہ کے طور پر دیکھتے ہیں جس کے ذریعے دوسرے ممالک تک پہنچا جاسکتا ہے۔

دیگر پناہ گزینوں میں صومالیہ سے آنے والے افراد شامل ہیں جنہیں ملک میں جاری لڑائیوں اور خشک سالی کے نتیجے میں جنوبی حصوں میں قحط کی صورت حال کی وجہ سے اپنا وطن چھوڑنا پڑا۔

پناہ گزینوں کے عالمی ادارے نے ان تشویش ناک صورت حال پر اپنے خدشات کا اظہار کیا جس کا سامنا سرحد عبور کرکے خلیج عدن اوربحیرہ احمر کے علاقوں میں جانے والے پناہ گزینوں کو کرنا پڑ رہاہے۔

XS
SM
MD
LG