رسائی کے لنکس

سال 2010 کے دوران پاکستان میں تین فضائی حادثے


سال 2010 کے دوران پاکستان میں تین فضائی حادثے
سال 2010 کے دوران پاکستان میں تین فضائی حادثے

پاکستان میں اس سال دوہزار دس میں بدقسمتی سے پہ درپہ تین فضائی حادثات ہوئے جس میں مجموعی طور پر 210 افراد جاں بحق ہوئے ۔عجب اتفاق ہے کہ تینوں حادثات کے ساتھ پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی حب کا نام جڑا ہے کیوں کہ تینوں بدقسمت طیاروں نے کراچی ائیرپورٹ سے پروازیں بھری تھیں۔

پہلے حادثے میں کراچی ائیرپورٹ سے اسلام آباد جانے والی ائیر بلیو کی پرواز اسلام آباد ائیرپورٹ پر اترنے سے کچھ لمحے قبل مارگلہ کی پہاڑیوں سے ٹکراگئی جس میں پائلٹ اور عملے سمیت 178 مسافر جاں بحق ہوگئے۔

دوسرا حادثہ کراچی ائیر پورٹ کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک نجی کمپنی جے ایس ائیر لائن کا چھوٹا چارٹرڈ طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔حادثے کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک ہوئے۔ طیارے نے کراچی ائیرپورٹ سے صبح ساڑھے سات بجے ضلع دادو میں کیرتھر کے پہاڑی سلسلے میں واقع بھٹ آئل فیلڈ کے لئے پرواز بھری تھی کہ پرواز کے چند منٹ بعد ہی طیارے کے انجن میں خرابی کی نشاندہی پر اسے واپس لینڈنگ کی ہدایت کی گئی تاہم یہ اترنے سے پہلے ہی گرکر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں آئل فیلڈ میں کام کرنے والے اٹھارہ ملازمین اور عملے کے تین افراد سوار تھے ۔

تیسرا حادثہ روسی ساخت کے کارگو طیارے کو پیش آیا جس میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے ۔ اس میں عملے کے تین افراد بھی شامل ہیں۔ طیارہ متحدہ عرب امارات سے کراچی پہنچا تھا جہاں سے اسے سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے لئے روانہ ہونا تھا۔

XS
SM
MD
LG