رسائی کے لنکس

کراچی ائیرپورٹ پر نجی طیارے کی بحفاظت لینڈنگ


کراچی ایئرپورٹ
کراچی ایئرپورٹ

دبئی سے کراچی آنے والے نجی کمپنی شاہین ایئرلائن کے طیارے بوئنگ 737 جیٹ نے بحفاظت لینڈنگ کرلی ہے۔ طیارے سے دوران پرواز فنی خرابی کا پیغام ملا تھا جس کے بعد کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے تمام انتظامات کرلئے گئے جن میں مکمل طور پر ایمرجنسی کا نفاذ بھی شامل تھا تاہم طیارہ بحفاظت کراچی میں اتارلیا گیا۔

طیارے میں ایک سو بیس مسافر سوار تھے۔ طیارے کے دبئی ائیرپورٹ سے پرواز کے بعد ٹائر کے کچھ ٹکڑے ملے تھے جس کے سبب یہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ شاید طیارے کا کوئی ٹائر لینڈنگ کے وقت پھٹ سکتا ہے ۔ طیارے کا تعلق ایک نجی کمپنی شاہین ائیر لائنز سے ہے۔

طیارے نے اترنے سے پہلے بہت نیچی پروازیں کیں ۔طیارے کی منزل کراچی ہی تھی ۔ اس موقع پر کراچی ائیر پورٹ پر مکمل ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ فائر ٹینڈرز کو رن وے پر بھیج دیا گیا اور ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو بھی الرٹ کردیا گیا تھا۔

ڈی جی سو ل ایوی ایشن ائیر مارشل ریاض الحق کے مطابق یہ ہنگامی لینڈنگ نہیں پری کاشنری لینڈنگ تھی۔ دبئی سے پرواز کے بعد ربڑ کے کچھ ٹکڑے ملے تھے جس کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر ائیرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ بحفاظت لینڈ کرگیا ہے اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔ طیارے نے فاضل ایندھن کو ضائع کرنے کے لئے فضاء میں کئی چکر لگائے۔

XS
SM
MD
LG