عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ ایبولا کی وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریباً 7،000 ہو گئی ہے جو دو روز قبل رپورٹ ہونے والی ہلاکتوں سے ایک ہزار زیادہ ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اچانک اضافہ ان ہلاکتوں کی وجہ سے ہوا ہے جو پہلے رپورٹ نہیں ہوئی تھیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق مارچ سے اب تک تقریباً 16,000 افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ان مریضوں کی اکثریت کا تعلق مغربی افریقہ کے تین ملکوں گنی، لائبیریا اور سیرالیون سے ہے۔
عہدیداروں کا کہنا ہے کہ لائبیریا میں وبا کا پھیلاؤ سست ہو گیا ہے جبکہ سیرالیون میں اس میں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری طرف سیرالیون سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر جو مریضوں کے علاج کے دوران ایبولا کا شکار ہوگئے تھے، کی یاد میں واشنگٹن کے باہر ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر مارٹن سالیا ریاست نیبراسکا شہر اوماہا کے ایک اسپتال میں 17 نومبر کو انتقال کر گئے تھے۔
ڈاکٹر سالیا کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں وائٹ ہاؤس کے ایبولا سے متعلق ٹیم کے سربراہ ران کلین بھی شامل تھے۔ انھوں نے صدر اوباما کا پیغام پڑھا جس میں انہوں نے ڈاکٹر کو ایک ہیرو قرار دیا، جنہوں نے خطرے کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی مدد کی۔