رسائی کے لنکس

برطانیہ: ننھے شہزادے کی ایک جھلک کا انتظار


اس لمحے کا بڑی شدت سے انتظارکیا جارہا ہے جب شہزادی کیٹ اور شہزادہ ولیم، ننھے شہزادے کے ہمراہ لنڈو ونگ ہسپتال کے مرکزی دروازے پر نظر آئیں گے

برطانوی شاہی جوڑے کی زندگی میں 23 جولائی کا سورج ایک نئے رشتے کے آغاز کے ساتھ طلوع ہوا ہے جب شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ ننھے شہزادے کے والدین بن گئے ہیں اور سلطنت برطانیہ کو تیسرا ولی عہد مل گیا ہے۔

گذشتہ روز صبح سویرے شہزادی کیتھرین میڈیلٹن کے ہسپتال میں داخل ہونے کی اطلاع پاتے ہی ہزاروں افراد بکنگھم پیلس کے ارد گرد جمع ہو گئے تھے۔ تقریبا 11 گھنٹے طویل انتظار کے بعد جوں ہی شاہی محل سے بچے کی ولادت کا باضابطہ فرمان جاری ہوا لوگوں نے نعرے لگائے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادی کیٹ نے پیر کے روز برطانوی وقت کے مطابق 4 بج کر 24 منٹ پر ایک بیٹے کو جنم دیا ہے جس کا وزن 8 پاؤنڈ 6 اونس ہے۔ زچہ وبچہ دونوں خیریت سے ہیں اور شاہی جوڑا رات ہسپتال میں ہی قیام کرے گا جب کہ رائل بے بی کے نام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

برطانوی ٹی وی اس موقع پر براہ راست نشریات پیش کر رہا ہے جس میں لوگوں کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اس لمحے کا بڑی شدت سے انتظارکیا جارہا ہے جب شہزادی کیٹ، شہزادہ ولیم اور ننھے شہزادے کے ہمراہ لنڈو ونگ ہسپتال کے مرکزی دروازے پر نظر آئیں گی۔

بتایا گیا ہے کہ شہزادی کیٹ آج شام 6 بجے کے بعد یا بدھ کی صبح کسی وقت ہسپتال سے فارغ کی جائیں گی جہاں سینکڑوں فوٹو گرافرز کے کیمرے یادگار لمحات کو قید کرنے کے لیے تیار ہیں، وہیں ان کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد مستقبل کے بادشاہ کی ایک جھلک دیکھنے کی متمنی ہے۔

شاہی جوڑے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ والدین بننا ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی ہے۔ دوسری جانب شہزادہ چارلس بھی دادا بننے پر مسرور ہیں۔ انھوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ کمیلا، دونوں کیٹ اور ولیم کی زندگی کے اس پرمسرت موقع پر دل سے مسرور ہیں البتہ انھوں نے دادا بننے کے تجربے کے بارے میں صرف سن رکھا تھا لیکن اب وہ اس خوشی کا عملی تجربہ کر رہے ہیں۔

بکنگھم پیلس سے جاری ہونے والے بیان میں ملکہ برطانیہ اور شہزادہ فلپ کی جانب سے شاہی جوڑے کے ہاں بیٹے کی ولادت پر خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔ یوں تو ملکہ برطانیہ تیسری بار پڑ دادی بنی ہیں لیکن ننھا شہزادہ ملکہ برطانیہ کا واحد اور اکلوتا پڑ پوتا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم نے شاہی جوڑے کو بچے کی پیدائش پر نیک تمناؤں کا پیغام بھیجا ہے اور کہا ہے کہ یہ برطانوی قوم کی تاریخ کا ایک اہم موقع ہے اور مجھے یقین ہے کہ برطانیہ میں اور برطانیہ سے باہر کامن ویلتھ کے ممالک میں بھی شہزادے کی پیدائش کا جشن منایا جا ئے گا۔

شہزادے کی ولادت کی خبر گو کہ روایتی انداز میں ہی سنائی جانی تھی لیکن میڈیا کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے خبر کو ایک ای میل کے زریعے میڈیا تک پہنچایا گیا جس کے بعد روایتی انداز سے بچے کی ولادت کی خبر 'بکنگھم پیلس' کے برآمدے میں نصب ایزل پر لگائی گئی اور شاہی دستے کے گارڈ نے بچے کی ولادت کی خبر کی منادی کی اور دیر تک گھنٹی بجائی۔

شہزادے کی ولادت پر شاہی روایت کے مطابق برطانوی وقت کے مطابق دوپہر کے دوبجے فوجی گھڑ سواروں کے دستے نے رائل پارک میں موجود پہلی جنگ عظیم کی بھاری توپوں میں سے 41 توپوں کی سلامی پیش کی اور گولڈن جوبلی لندن برج سے 61 توپوں کی سلامی دی گئی۔

ویسٹ منسٹر ایبے جرچ میں بھی ٹھیک اسی وقت شہزادے کی ولادت کا جشن میوزک اور گھنٹیاں بجا کر منایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ شاہی روایت برسہا برس سے چلی آرہی ہے کہ جب بھی شاہی خاندان میں کسی ننھے فرد کا اضافہ ہوتا ہے تو بچے کی ولادت کی خوشی میں توپوں کی سلامی پیش کی جاتی ہے ۔

وسطی لندن میں ننھے شہزادے کی پیدائش کی خوشی میں ٹرافالگر اسکوائر کے فوارے کو نیلے رنگ کی روشیوں سے نہلا دیا گیا ہے اورگولڈن جوبلی لندن برج کو بھی نیلی لائٹ سے روشن کیا گیا ہے جبکہ بی ٹی کا 600 فٹ اونچے ٹاور کی ایل ای ڈی اسکرین پرشاہی جوڑے کے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کیا گیا۔

دنیا بھر کے سربراہان مملکت کی جانب سے ننھےشہزادے کی پیدائش پرشاہی خاندان کو مبارکبادیں دی گئی ہیں جن میں امریکی صدر اور ان کی اہلیہ سر فہرست ہیں جنھوں نے سب سے پہلے بچے کی پیدائش پر اپنی دلی خوشی کا اظہار کیا۔

کینڈین حکومت کی جانب سے مستقبل کے بادشاہ کی پیدائش پر نیاگرا فال اور سی این ٹاور اور پارلیمنٹ کی بلڈنگ کو نیلی روشنیوں سے روشن کیا گیا ہے۔

برطانوی اخبار گارڈین لکھتا ہے کہ 22 جولائی کو تاریخ نے پھر اپنے آپ کو دہرایا اور شہزادہ ولیم اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نظر آئے جب وہ اپنے پہلے بچے کی ولادت کے وقت اپنی اہلیہ کے ساتھ ہسپتال میں مقیم رہے۔ ٹھیک اسی طرح 31 برس قبل شہزادہ چارلس شہزادہ ولیم کی ولادت کے وقت شہزادی ڈیانا کے ساتھ اسی ہسپتال کے اسی یونٹ میں موجود تھے البتہ شہزادہ چارلس کی پیدائش کے وقت ان کے والد شہزادہ فلپ ملکہ برطانیہ کے ساتھ نہیں تھے بلکہ اسکواش کا میچ کھیل رہے تھے۔

اخبار کے مطابق ننھا شہزادہ تاجِ برطانیہ کا تیسرا ولی عہد کہلائے گا جبکہ شہزادے کی پیدائش سے قبل یہ اعزازشہزادہ ہیری کو حاصل تھا جو اب شاہی روایات کے مطابق چوتھے دعویدار کہلائیں گے۔ اسی طرح ولیم اور کیٹ کے بیٹا کا شجرہ انھیں ملکہ وکٹوریہ کا ششم پڑ پوتا ثابت کرتا ہے جب کہ نومولود شہزادہ برطانوی سلطنت کا 43 واں بادشاہ کہلائے گا۔ سب سے پہلے انگلش تاج کے حقدار فاتح ولیم تھے جنھوں نے 1066 میں بادشاہت حاصل کی تھی۔

لندن کا مقامی اخبار 'لندن اسٹینڈرڈ' لکھتا ہے کہ گو کہ تجسس کی فضا ختم ہو گئی ہے لیکن پھر بھی لوگ ننھے شہزادے کے بارے میں مزید جاننے کے لیے بے قرار ہیں۔ خاص طور پر شہزادہ کیسا دیکھتا ہے اور کیٹ اور ولیم اسے کس نام سے پکاریں گے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ شہزادہ ولیم کی پیدائش کے سات یوم کے بعد شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس نے بچے کے نام کا اعلان کیا تھا البتہ شہزادہ ہیری کی پیدائش کے فوراً بعد ان کا نام تجویز کر دیا گیا تھا جبکہ خود شہزادہ چارلس کا نام ایک ماہ تک خفیہ رکھا گیا تھا۔
۔
برطانوی بکیزکے پاس اب شہزادے کے ناموں پر شرطیں لگائی جا رہی ہیں جن میں سب سے زیادہ شرطیں جیمس اور جارج، لوئیس، ہینری اور الیگزینڈر کے ناموں پر لگائی گئی ہیں۔ بکیز کہتے ہیں کہ شاہی خاندان کو جیمس نام کے ساتھ خاص نسبت رہی ہے کیونکہ اب تک اس نام کے دو بادشاہ سلطنت برطانیہ پر حکومت کر چکے ہیں۔ لیکن یہی نام شہزادی کیٹ کے اکلوتے بھائی کا بھی ہے۔

البتہ یہ بات طے ہے کہ برطانیہ کی تاریخ میں190 برس کے بعد کسی کو 'پرنس آف کیمبرج' کے لقب سے پکارا جائے گا جبکہ شہزادے کا سرکاری نام 'ہز رائل ہائی نیس (نام) پرنس آف کیمبرج 'ہو گا۔

اخبار لکھتا ہے کہ سینٹ میریز لنڈو ونگ ہسپتال کے باہر دنیا بھر کے سینکڑوں میڈیا رپورٹرز کی نظر سے بچ کر شہزادی کو صبح تقریبا 5 بجکر 45 منٹ پر ہسپتال کے سائیڈ کے دروازے سے بغیر حفاظتی گارڈز کی رہنمائی کے پہنچایا گیا تھا لیکن ایک فری لانسر فوٹو گرافراس موقع پر وہاں موجود تھا جس نے صبح سویرے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سب کو یہ اطلاع دی کہ شہزادی ہسپتال پہنچ چکی ہیں جس کے بعد شاہی محل کے ترجمان نے تقریبا ساڑھے سات بجے اس خبر کی تصدیق کی۔

برطانوی ٹی وی پر لوگوں نے اس خوشی کی خبر پر اپنے تاثرات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ آج آنجہانی لیڈی ڈیانا کی کمی شدت سے محسوس کر رہے ہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ انھیں لگتا تھا کہ شہزادہ ولیم کے گھر ننھی ڈیانا کا جنم ہونے والا ہے۔

شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کی شادی کی تقریب کو دنیا بھر کے میڈیا نے کوریج دی تھی۔ نوجوان شاہی جوڑا برطانوی عوام کے دلوں پر راج کر رہا ہے جو انھیں اپنا آئیڈیل مانتے ہیں خاص طور پر شہزادی کیتھرین کو فیشن آئیکون کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
XS
SM
MD
LG