قانون نافذ کرنے والے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر منگل کو خبررساں ادارے ’رائیٹرز‘ کو بتایا ہے کہ اورلینڈو کلب کے حملہ آور عمر متین کی اہلیہ کو حملے کے منصوبے کے بارے میں علم تھا اور اس پر جلد ہی حملے سے متعلق فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے۔
ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے کلب پر امریکہ کی تاریخ کا سب سے مہلک حملہ کیا گیا جس میں 49 افراد مارے گئے۔
عہدیدار نے کہا کہ وفاقی گرینڈ جیوری کو طلب کر لیا گیا ہے اور وہ عمر متین کی اہلیہ نور سلمان پر بدھ کو فرد جرم عائد کر سکتی ہے۔
امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے رکن سینیٹر اینگس کنگ، جنہیں منگل کو اس حملے کے بارے میں بریفنگ دی گئی نے کہا ’’ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اسے اس بارے میں کچھ معلومات تھیں کہ کیا چل رہا ہے۔‘‘
اینگس کنگ نے ’سی این این‘ کو بتایا کہ ’’وہ یقینا، آپ کہہ سکتے ہیں، اس وقت مشتبہ فرد ہے اور بظاہر وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے اور ہمیں کچھ اہم معلومات فراہم کر سکتی ہے۔‘‘
ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب تین گھنٹوں پر مشتمل مقابلے کے بعد پولیس نے عمر متین کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس دوران اس نے 911 ایمرجنسی سروس کو ٹیلی فون کر کے مختلف اسلامی شدت پسند گروہوں سے اپنی وفاداری کا اعلان کیا تھا۔
وفاقی تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ وہ خود ہی شدت پسندی سے متاثر ہوا ہے اور ایسے کوئی شواہد موجود نہیں کہ اسے داعش جیسی کسی باہر کی تنظیم سے کوئی ہدایات یا مدد ملی ہو۔ انتیس سالہ عمر متین امریکی شہری تھا جو نیو یارک میں افغان نژاد والدین کے گھر پیدا ہوا۔
اس سے قبل عمر متین کی سابقہ اہلیہ ستوار یوسفی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ عمر متین ’’ذہنی عدم توازن کا شکار‘‘ تھا اور اس پر اکثر تشدد کرتا تھا۔ ستورا کے بقول عمر کے ساتھ صرف چار ماہ تک قیام کے بعد اس کے والدین اسے اپنے ساتھ لے گئے تھے اور بعد میں دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی۔
صدر اوباما نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’’وہ غصیلا، پریشان اور ذہنی عدم توازن کا شکار نوجوان لگتا ہے جو شدت پسندی کی طرف مائل ہو گیا۔‘‘
سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرنے والے عمر متین نے بڑے منظم انداز میں لوگوں سے بھرے ہوئے کلب میں تشدد کیا اور ان لوگوں پر فائرنگ کی جو پہلے ہی زمین پر گرے ہوئے تھے۔
اس حملے میں زخمی ہونے والے ایک شخص اینجل کولن نے کہا وہ یہ یقینی بنانا چاہتا تھا کہ وہ سب مر جائیں۔ ’’میں نے اوپر دیکھا تو اس نے میرے ساتھ گری ایک لڑکی کو نشانہ بنایا اور میں وہاں لیٹا یہ سوچ رہا تھا کہ ’اب میری باری ہے، میں مر چکا ہوں‘۔‘‘
عمر متین نے اینجل کو دو مرتبہ گولی ماری مگر ایک گولی اس کے ہاتھ پر لگی اور دوسری اس کے کولہے پر۔
’فوکس نیوز‘ نے ایف بی آئی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ استغاثہ عمر متین کی بیوی پر قتل کے 49 واقعات اور قتل کی کوشش کے 53 واقعات میں معاونت اور حکام کو مجوزہ حملے کے بارے میں آگاہ نہ کرنے اور وفاقی ایجنٹس سے جھوٹ بولنے کا الزام عائد کرنا چاہتا ہیں۔
’این بی سی نیوز‘ کا کہنا ہے کہ نوز سلمان نے اپنے شوہر سے باتوں میں اسے حملے سے روکنے کی کوشش کی۔
مگر ’این بی سی‘ نے یہ بھی کہا کہ وہ ایک مرتبہ اسے گاڑی میں پلس کلب لے کر گئی کیونکہ وہ اس کا قریب سے جائزہ لینا چاہتا تھا۔
نور سلمان کی والدہ اقبال زہی سلمان کیلیفورنیا کے نواہی شہر روڈیو میں رہتی ہیں۔ ایک پڑوسی نے بتایا کہ نور سلمان عمر سے شادی کے بعد اپنی والدہ سے ملنے صرف ایک مرتبہ آئی۔
رجندر چاہل نے بتایا کہ نور کی والدہ اسے ’’زیادہ پسند نہیں کرتی تھیں۔ وہ (عمر) اسے وہاں آنے نہیں دیتا تھا۔‘‘
رجندر کے بقول انہوں نے اورلینڈو حملے کے بعد نور سلمان کی والدہ سے بات کی تھی اور وہ ’’بہت رو رہی تھیں۔‘‘