رسائی کے لنکس

اورلینڈو حملے کے محرکات واضح ہو رہے ہیں: بائیڈن


ایک شخص حملے میں مرنے والوں کی یاد میں افسردہ بیٹھا ہے۔
ایک شخص حملے میں مرنے والوں کی یاد میں افسردہ بیٹھا ہے۔

بائیڈن نے اپنی بات کی مزید وضاحت تو نہیں کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں صدر براک اوباما اس بارے میں مزید بتائیں گے۔

امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اورلینڈو میں ہونے والے قتل عام کے لیے تفتیش جیسے جیسے آگے بڑھ رہی ہے، محرکات "مزید واضح" ہو رہے ہیں۔

اتوار کو فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ایک افغان نژاد امریکی حملہ آور نے پلس نامی کلب میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے 49 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوگئے۔

حملہ آور عمر صدیق متین پولیس کی جوابی کارروائی میں مارا گیا تھا۔

منگل کو بائیڈن نے اپنی بات کی مزید وضاحت تو نہیں کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں صدر براک اوباما اس بارے میں مزید بتائیں گے۔ صدر اوباما جمعرات کو اورلینڈو کا دورہ کر رہے ہیں۔

صدر یہ کہہ چکے ہیں کہ یہ حملہ ایک "غصیلے، پریشان اور غیر مستحکم نوجوان" نے کیا "جو بنیاد پرست بن گیا تھا۔"

ان کے بقول اس کے تاحال اشارے نہیں ملے کہ عمر متین نے یہ حملہ بیرون ملک کسی دہشت گرد گروپ کی ہدایت پر کیا۔

امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے وزیر جے جانسن کا کہنا ہے کہ حکام عمر متین کی زندگی کے بارے میں معلومات جمع کرنے میں مصروف ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ عمر متین کو اس کلب میں حالیہ برسوں میں متعدد بار دیکھا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG