ویب ڈیسک -- پاکستان کے صوبے خیبر پختونخؤا کے شہر پشاور میں واٹس ایپ گروپ سےمبینہ طور پر نکالنے پر ایک شخص کو قتل کرنے کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق پولیس نے ہفتے کو بتایا ہے کہ ایک شخص پر ایک واٹس ایپ کمیونٹی گروپ کے ایڈمنسٹریٹر کو مبینہ طور پر فائرنگ کرکے ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پشاور میں جمعرات کو مشتاق احمد نامی ایک شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔
پولیس دستاویزات اور ایک مقامی پولیس عہدے دار کے مطابق اشفاق نامی شخص کو مشتاق احمد کے قتل کے الزام میں نامزد کیا گیا ہے۔
اے ایف پی کی جانب سے دیکھے گئے مشتاق احمد کے بھائی کے بیان کے مطابق مشتاق نے بحث کے بعد مبینہ طور پر اشفاق کو واٹس ایپ گروپ سے نکال دیا تھا۔
ان کے بقول دونوں کے درمیان صلح کی کوشش کی گئی تھی اور ایک ملاقات کا انتظام کیا گیا تھا۔ لیکن انہوں نے الزام لگایا کہ اس دوران اشفاق اسلحہ لے کر آیا اور ان کے بھائی پر فائرنگ کردی جس سے وہ ہلاک ہو گیا۔
ان کے بیان کے مطابق "واٹس ایپ گروپ سے نکالنے پر" اشفاق کو غصہ تھا۔
اس رپورٹ کے لیے معلومات اے ایف پی سے لی گئی ہیں۔
فورم