|
ویب ڈیسک _ امریکہ میں مسافر طیارہ جس ہیلی کاپٹر سے ٹکرایا ہے اسے دنیا میں جنگی محاذ اور امدادی سرگرمیوں میں استعمال ہونےو الا ایک معروف ماڈل ہے۔
کریش ہونے والا مسافر طیارہ امیریکن ایئرلائنز کا ’بمبارڈیئر ‘سی آر جے 701 طیارہ تھا اور اس کا تصادم فوجی ہیلی کاپٹر سکوروسکی ایچ 60 ہیلی کاپٹرسے ہوا۔
مسافر طیارے سے ٹکرانے والا سکوروسکی ایچ 60 ہیلی کاپٹر بلیک ہاک کے نام سے شہرت رکھنے والی ہیلی کاپٹرز کی فیملی سے تعلق رکھتا ہے جسے خاص طور پر جنگی محاذ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
بلیک ہاک تیار کرنے والی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کے مطابق اس ہیلی کاپٹر میں ہتھیاروں سے پوری طرح لیس 12 فوجی سوار ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ نو ہزار پاؤنڈ (چار ہزار کلو سے زائد) سامانِ رسد یا گولہ بارود منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ ہیلی کاپٹر اپنے دو طاقت ور انجنز، ایندھن کی گنجائش اور جدید ترین سینسرز کی وجہ سے خشکی اور پانی پر کسی بھی نوعیت کے مشنز میں حصہ لے سکتے ہیں۔
ان ہیلی کاپٹرز پر سواروں کی گنجائش کی وجہ سے اسے مشکل علاقوں میں فوجی اہل کاروں کو پہنچانے اور نکالنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ سمندر پر پرواز کرنے، آب دوزوں کا شکار کرنے اور بحریہ کو رسد پہنچانے کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔
بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کو بلند یا انتہائی گرم ماحول میں بھی پرواز کے قابل بنایا گیا ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر بہت تنگ جگہوں اور چھوٹے بحری جہازوں پر بھی اتر سکتا ہے۔ اسی لیے جنگی محاذ اور امدادی سرگرمیوں میں عام طور پر اس ہیلی کاپٹر کو فرنٹ لائن پر استعمال کیا جاتا ہے۔
امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے اور ایک وقت میں ایک ہزار گیلن پانی لے جانے کی گنجائش رکھتا ہے۔
کمپنی کے مطابق بلیک ہاک پر سوار عملے کو باہر سے ہونے والے حملوں اور آگ سے محفوظ بنایا گیا ہے اور اسے مشکل ترین مشنز کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ یہ ہیلی کاپٹر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت اور سرحد پر نگرانی کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔
لاک ہیڈ کمپنی کے مطابق وہ امریکہ سمیت دنیا کے 36 ممالک کے لیے پانچ ہزار بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تیار کرچکی ہے۔
مسافر طیارہ کون سا تھا؟
امیریکن ایئر لائنز کے مطابق طیارے کو اس کی ایک ذیلی کمپنی ’ پی ایس اے ایئر لائنز ‘ آپریٹ کر رہی تھی۔ یہ کینیڈا کی کمپنی بمبارڈیئر کے تیار کردہ مسافر طیاروں کی سی آر جے700 سیریز کا جہاز تھا۔
کمپنی کے مطابق اس طیارے میں 78 افراد کے سوار ہونے کی گنجائش ہوتی ہے تاہم تصادم کا شکار ہونے والے طیارے پر 60 مسافر اور عملے کے چار افراد سوار تھے۔
بمبارڈیئر اس سیریز کے طیارے کو اپنی کمپنی کے مقبول ماڈلز میں شمار کرتی ہے۔
اس طیارے کی لمبائی 106 فٹ اور پروں سمیت چوڑائی 76 فٹ ہوتی ہے۔
طیارہ تیار کرنے والی کمپنی بمبارڈیئر کے مطابق سی آر جے 700 کی پروازوں پر انتہائی کم لاگت آتی ہے۔
امریکی حکام بدھ کو مسافر طیارے اور بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم کے واقعے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
طیارہ حادثے کی مزید تفصیلات کے لیے ہمارا لائیو بلاگ وزٹ کریں۔
فورم