رسائی کے لنکس

دورۂ نیوزی لینڈ: ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم کا کرونا ٹیسٹ منفی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور عملے کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے جس کے بعد وہ آئسولیشن سے باہر آ سکتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 30 اکتوبر کو نیوزی لینڈ پہنچی تھی جہاں مہمان ٹیم کے تین کرونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

منگل کو نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ مہمان ٹیم کا پہلا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے جس کے بعد تمام کھلاڑی اپنے کمروں سے باہر آ جا سکتے ہیں۔

نیوزی لینڈ پہنچنے والے ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد ٹریننگ اور جم جانے کی اجازت ہوگی۔ تاہم کرونا وائرس کے پروٹوکول کے تحت کھلاڑی 14 روز تک قرنطینہ میں رہیں گے جس کے دوران 15 کھلاڑی ایک ساتھ رہ سکتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز ٹیم میں شامل سات کھلاڑی دبئی میں کھیلی جا رہی انڈین پریمیئر لیگ میں مصروف ہیں جو 10 نومبر کو ایونٹ کے اختتام کے بعد نیوزی لینڈ پہنچے گے۔

ان کھلاڑیوں میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کیرون پولارڈ، ٹیسٹ کپتان جیسن ہولڈر، شمرون ہیٹمیر، کیمو پال، فیبین ایلن، نکولس پورن اور اوشانے تھامس شامل ہیں۔

مذکورہ سات کھلاڑیوں میں سے چھ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ ہیں جو آکلینڈ میں پہلے ٹی ٹوئنٹی سے ایک روز قبل اپنا قرنطینہ کا دورانیہ پورا کریں گے۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی اور دونوں ٹیمیں 27 نومبر کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مدِ مقابل ہوں گی۔

ویسٹ انڈیز واحد انٹرنیشنل ٹیم ہے جس نے کرونا وبا کے دوران بیرونِ ملک دوسرا دورہ کیا ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے جولائی میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی تھی۔

XS
SM
MD
LG