رسائی کے لنکس

دس منٹ میں 34 برگر اور 76 ہاٹ ڈاگ کھانے والے خوش خوراک


برگر کھانے کا سالانہ مقابلہ- جولائی 2021
برگر کھانے کا سالانہ مقابلہ- جولائی 2021

یوں تو دنیا خوش خوراک انسانوں سے بھری پڑی ہے، لیکن ایسا کم ہی ہوتا ہے کہ میزبان انہیں خوش دلی سے قبول کرتے ہوں۔ عام طور پر انہیں دیکھتے ہی اکثر میزبانوں کے اوسان خطا ہو جاتے ہیں۔ ذرا بے تکلفی ہو تو وہ انہیں ڈائٹنگ کرنے اور معدہ چھوٹا کروانے کی سرجری کا مشورہ دینے سے بھی نہیں چوکتے۔ خوش خوراکی کی حوصلہ افزائی کرنے والے کم کم ہی ہوتے ہیں۔

لیکن خوش خوراکوں کے لیے ایک خوش کن خبر یہ ہے کہ امریکہ میں ہر سال جولائی میں برگر کھانے کے دو مقابلے ہوتے ہیں۔ ایک کا اہتمام واشنگٹن میں کیا جاتا ہے اور دوسرے مقابلے کے لیے نیویارک میں دستر خوان سجائے جاتے ہیں۔

اور ہاں ان مقابلوں میں کھانے کے لیے مفت برگر ہی نہیں ملتے بلکہ جیتنے والوں کو ایک بڑا انعام بھی دیا جاتا ہے۔

اس سال واشنگٹن میں برگر کھانے کا مقابلہ مولی شوئلر اور ڈین کلر کنڈی نے مشترکہ طور پر جیتا۔

شوئلر نے مقابلے کے لیے کیلی فورنیا سے واشنگٹن کا سفر کیا تھا۔ شوئلر اس سے پہلے بھی برگر کھانے کے مقابلوں میں حصہ لے چکی ہیں۔ وہ برگر کھانے کے ساتھ ساتھ اپنے چار بچوں کو بھی پال رہی ہیں۔

34 برگر کھا کر مقابلہ جیتنے والی خاتون شوئلر
34 برگر کھا کر مقابلہ جیتنے والی خاتون شوئلر

ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ مقابلے میں برگر کھانا آسان بھی نہیں ہوتا کیونکہ آپ کو اس کے لیے صرف دس منٹ دیے جاتے ہیں، جس میں آپ کو زیادہ سے زیادہ برگر کھانے ہوتے ہیں۔

شوئلر نے اس بار 10 منٹوں میں 34 برگر کھا کر خوش خوراکی کا اعزاز اپنے نام کیا؛ جب کہ پچھلے سال اسی مقابلے میں انہوں نے 35 برگر کھا کر دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کر دیا تھا۔

تاہم، اس بار وہ سب سے زیادہ برگر کھانے والی اکیلی نہیں تھیں، بلکہ پینسلوینیا کے ڈین کلر کنڈی نے بھی مقررہ وقت میں 34 برگر کھا کر یہ ثابت کر دیا کہ اس دوڑ میں بھی عورت اور مرد مساوی ہیں۔

برگر کھانے کے مقابلے کے فاتح شوئلر اور ڈان کنڈی اپنے انعامات کے ساتھ۔ جولائی 2021
برگر کھانے کے مقابلے کے فاتح شوئلر اور ڈان کنڈی اپنے انعامات کے ساتھ۔ جولائی 2021

برگر بنانے والی ایک چین، زی برگر کی جانب سے کرائے گئے اس مقابلے میں امریکہ بھر سے 14 خوش خوراکوں نے حصہ لیا۔

سب سے زیادہ برگر کھانے والے کو 4350 ڈالر نقد انعام بھی ملتا ہے۔

مقابلے کے اختتام پر جب ایک رپورٹر نے 34 برگر کھانے والے کنڈی سے پوچھا کہ آپ کیا محسوس کر رہے ہیں تو ان کے منہ سے بس ایک لفظ نکلا۔۔۔"فل"

واشنگٹن ہی کی طرز پر کھانے کا ایک مقابلہ ہر سال نیویارک میں بھی ہوتا ہے۔ مگر اس میں خوش خوراکوں کو برگر کے بجائے ہاٹ ڈاگ پیش کیے جاتے ہیں۔ ہاٹ ڈاگ برگر سے کافی چھوٹا ہوتا ہے۔ اسے آپ برگر کا چھوٹا بھائی سمجھ لیں۔

نیویارک کا ہاٹ ڈاگ کھانے کا ناتھن انٹرنیشنل کانٹسٹ خاصی شہرت رکھتا ہے۔ اس سال کا مقابلہ جوئے چیسٹ نٹ نے 10 منٹ میں نہ صرف 76 ہاٹ ڈاگ کھا کر جیت لیا بلکہ انہوں نے اپنے پچھلے سال کا 75 ہاٹ ڈاگ کھانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

چیسٹ نٹ کوئی اتفافیہ خوش خوراک نہیں ہیں، بلکہ وہ 2007 سے مسلسل ہر سال یہ مقابلہ جیت رہے ہیں۔ اس مقابلے میں دوسرے نمبر پر جیفری ایسپر رہے۔ انہوں نے چیسٹ نٹ سے 26 ہاٹ ڈاگ کم کھائے۔گویا اس لحاظ سے یہ مقابلہ یک طرفہ رہا۔

(اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات رائٹرز سے لی گئی ہیں)

XS
SM
MD
LG