رسائی کے لنکس

بارش میں لاہور شہر کا دورہ: 'وہاب ریاض نہ تو امیتابھ بچن ہیں اور نہ ہی شہباز شریف'


پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر اور کھیلوں کےنگراں صوبائی وزیرِ ،وہاب ریاض ان دنوں سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہیں جس کی وجہ لاہور میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے دوران ان کی سڑک پر انٹری بنی ہے۔

وہاب ریاض کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جن میں انہیں بارش کے بعد سڑکوں پر جمع ہونے والے پانی میں دیکھا جا سکتا ہے۔ کچھ ویڈیوز میں انہیں سڑکوں پر کھڑے ہونے والے پانی کا جائزہ لینے اور پانی میں خراب ہونے والی گاڑی کو دھکا لگاتے دیکھا گیا ہے۔

لیکن انہیں سب سے زیادہ تنقید کا سامنا اس ویڈیو پر ہے جو انہوں نے بارش کے جمع شدہ پانی میں اپنی گاڑی دوڑاتے ہوئے بنوائی تھی۔

وائرل ویڈیو کے مطابق وہاب ریاض بے دھیانی میں گاڑی دوڑاتے جاتے ہیں اور ان کی گاڑی سے اچھلنے والا پانی سڑک کے کنارے سے گزرنے والے موٹرسائیکل سواروں پرگرتا ہے۔

وہاب ریاض کی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین اپنے غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور انہیں مشورہ دے رہے ہیں کہ آپ آخر پانی میں کیا تلاش کرنے نکلے تھے؟ اس سے بہتر ہوتا کہ آپ گھر میں بیٹھ کر پکوڑے کھاتے۔

حماد شیخ نامی ٹوئٹر صارف نے وہاب ریاض کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ بارش کے بعد وہاب ریاض کا سڑک پر کیا کام ہے اور جیسا کہ وہ دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ نہ تو وزیرِ بلدیات ہیں، نہ کونسلر اور نہ ہی وزیرِ اعلیٰ۔

ایک ٹوئٹر صارف نے وہاب ریاض کی ویڈیو پر تبصرہ کیا کہ وزیرِ کھیل وہاب ریاض کا عمل انتہائی افسوس ناک ہے۔ بارش کے بعد سڑک پر پانی جمع ہونے پر انہیں محتاط انداز میں گاڑی چلانی چاہیے تھی۔

امین زبیری نامی صارف نے لکھا کہ نگراں وزیرِ کھیل لاہور میں شدید بارش کے بعد سڑک پر لاپرواہ ڈرائیونگ کرتے ہوئے موٹرسائیکل سواروں اور گاڑیوں پر پانی اچھال رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاپرواہی ایک بیماری ہے اور وہاب ریاض بھی بیمار شخص ہیں۔

وہاب ریاض کی بارش میں پیدل چلنے والی ایک ویڈیو پر طاہر منیر نامی صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے ان کے اس عمل کو اداکاری قرار دیا۔

صارف نے کہا کہ بارش کے پانی میں ڈمی پوز لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے ہے۔

سفینہ خان نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ وہاب ریاض خود کو امیتابھ بچن سمجھ رہے تھے یا شہباز شریف؟

سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر کرکٹر وہاب ریاض نے کہا کہ سکّے کے دو رخ ہوتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہم ہمیشہ غلط رخ دیکھتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ کل جو ہوا اس کے لیے میں معذرت خواہ ہوں، یہ سب غیر ارادی طور پر ہوا اور اسے بالکل غلط انداز میں لیا گیا۔

بعض ٹوئٹر صارف شدید بارش کے دوران سڑک پر آنے کے ان کے عمل کو سراہ رہے ہیں۔

خواجہ جنید نامی ٹوئٹر صارف نے بارش کے پانی میں کھڑے وہاب ریاض کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ" ریکارڈ مون سون بارش کے بعد لاہور کے شہریوں کے ساتھ کھڑے ہونے پر آپ کا بہت شکریہ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اچھا اشارہ ہے کہ حکومت یہ تاثر دے رہی ہے کہ وہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے کوششیں کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG