رسائی کے لنکس

کوہلی تیز ترین 10 ہزار رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے


بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں تیز ترین 10 ہزار رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔

کوہلی نے یہ کارنامہ وشاکھا پٹنم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کیریئر کی 205 ویں اننگز میں بدھ کو سر انجام دیا۔

کوہلی اس فہرست میں جگہ بنانے والے بھارت کے پانچویں جبکہ دنیا کے 13 ویں بیٹسمین ہیں۔

ویراٹ کوہلی نے اپنے ہم وطن سچن ٹنڈولکر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سچن نے 2001ء میں 259 اننگز کھیل کر 10 ہزار رنز بنائے تھے۔

کوہلی نے 2008ء میں سری لنکا کے خلاف کیرئیر کے پہلے میچ سے اب تک 213 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے ہیں جن میں وہ 37 سنچریاں بھی اسکور کر چکے ہیں۔

ویراٹ کوہلی نے بدھ کو ویسٹ انڈیز کے آف اسپنر ایشلے نرس کی گیند پر سنگل لے کر پہلے 10 ہزار رنز مکمل کیے پھر مارلن سموئلز کو چوکا لگا کر پانچ میچوں کی سیریز میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کی۔

بھارتی میڈیا میں ’کنگ کوہلی‘ کے نام سےشہرت رکھنے والے ویراٹ کوہلی اُس وقت خوش نصیب رہے جب 44 رنز پر جیسن ہولڈر کی ایک گیند پر کیریئر کا پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے اوبید مک کوئے نے اُن کا کیچ ڈراپ کردیا ۔

بھارتی کپتان نے رواں کلینڈر ایئر کے دوران 11 اننگز میں 1046 رنز بناکر انگلینڈ کے بیرسٹو کو پیچھے چھوڑدیا، انگلش بیٹسمین نے 22 اننگز کھیل کر 1025 رنز بنائے تھے۔

XS
SM
MD
LG