امریکہ کی شمال مغربی ریاست واشنگٹن کے جنگل میں لگنے والی آگ کو بجھانے کی کوششوں میں تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق آگ بجھانے والے عملے کے یہ افراد اس وقت اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب وہ ریاست کے شمال وسطی ایک چھوٹے سے علاقے کی طرف بڑھتی ہوئی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے تھے۔
مقامی پولیس کے ایک عہدیدار نے آتشزدگی کو "انتہائی خطرناک" قرار دیا۔
اس علاقے میں تقریباً 1500 لوگ آباد ہیں جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا کہا گیا ہے۔
واشنگٹن ریاست کے گورنر جے انسلی کا کہنا ہے کہ وہ آتشزدگی سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسردہ ہیں۔
انسلی نے وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ وہ ریاست میں ہنگامی حالت کا اعلان کرے جس سے یہاں مختلف مقامات پر لگی آگ کو بجھانے کے لیے وسائل دستیاب ہونے میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی سے 50 گھر اور دیگر 60 عمارتیں تباہ ہوئیں جب کہ 95000 ہیکٹر اراضی بھی متاثر ہوئی۔
امریکہ کے قومی محکمہ موسمیات نے واشنگٹن ریاست کے مشرقی حصوں میں خراب موسم کا انتباہ جاری کیا ہے اور جمعہ تک یہاں 72 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور گرج چمک ہونے کا امکان ہے۔
امریکہ کے مغربی حصے میں واشنگٹن کے علاوہ بعض دیگر ریاستوں میں بھی حالیہ ایسی ہی آتشزدگی ہو چکی ہے جن میں کیلیفورنیا، آئڈاہو، مونتانا اور اروگون شامل ہیں۔