امریکاہ نے سعودی عرب کے دفاع کو مضبوط کرنے کے لیے جمعہ کو فوجوں کی نئی اور بڑی تعیناتی کا اعلان کیا ہے۔
اس اقدام کی ضرورت 14 ستمبر کو سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کے بعد پیش آئی۔ اس حملے کا الزام امریکہ اور سعودی عرب نے ایران پر عائد کیا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق پینٹاگون نے فائٹر اسکواڈرن، مہم جوئی کی نوعیت کا فضائی ونگ اور فضائی دفاع کے اہلکار سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پینٹاگون نے کہا ہے کہ پیٹریاٹ کی دو اضافی بیٹریز اور ایک ’ٹرمینل ہائی آلٹی ٹیوڈ ایریا ڈفنس سسٹم‘ (ٹی ایچ اے اے ڈی) بھیجا جارہا ہے۔
پینٹاگون کے ترجمان جوناتھن ہوفمین نے کہا ہے کہ دیگر تعیناتیوں کے علاوہ اضافی 3000 فوجی بھیجے جا رہے ہیں جس کی گزشتہ ماہ اجازت دی گئی تھی۔
ابھی یہ بات واضح نہیں کہ فوجی دستوں کی نئی تعیناتی کہاں ہوگی اور کس کی جگہ لے گی۔