رسائی کے لنکس

پاکستانی فٹ بالر کلیم اللہ امریکی کلب کی طرف سے کھیلیں گے


بائیس سالہ کلیم پہلے پاکستانی فٹ بالر ہیں جو کسی امریکی کلب کی طرف سے کھیلیں گے۔

امریکہ کے فٹ بال کلب 'سیکریمینٹوری پبلک' نے پاکستان فٹ بال ٹیم کے کپتان کلیم اللہ کو سائن کرلیا ہے۔

'سیکریمینٹو ری پبلک' نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کلیم اللہ کا امریکی کلب کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ پاکستان کی پوری فٹ بال ٹیم کے لیے سیکھنے کا ذریعہ بنے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کلیم اللہ کو کی جانے والی پیش کش کلب کے اس مشن کا اظہار ہے کہ دنیا کے کسی بھی علاقے سے تعلق رکھنے والے بہترین کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع دیا جائے گا۔

بائیس سالہ کلیم پہلے پاکستانی فٹ بالر ہیں جو کسی امریکی کلب کی طرف سے کھیلیں گے۔ انہیں ڈومیسٹک فٹ بال لیگز میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے بعد 2014ء میں قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

چمن سے تعلق رکھنے والے کلیم اللہ اس سے قبل کرغیزستان کے صفِ اول کے فٹ بال کلب 'دردوئی بشکک' کی طرف سے بھی کھیل چکے ہیں۔

'دردوئی بشکک' نے 2014ء میں کرغیزستان کی فٹ بال لیگ جیتی تھی جس میں کلیم اللہ کو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے پر 'گولڈن بوٹ' کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

انہیں 2015ء کے سیزن میں کرغیزستان کا 'پلیئر آف دی ایئر' بھی قرار دیا گیا تھا۔ گزشتہ برس انہوں نے کرغز کلب کے ساتھ اپنے معاہدے کی تجدید کی تھی جس کے بعد وہ کرغزستان کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے تھے۔

ذرائع ابلاغ میں آنے والی اطلاعات کے مطابق کلب کی طرف سے کھیلنے کے عوض 'دردوئی بشکک' نے کلیم اللہ کو ایک کروڑ روپے دینے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

'سیکریمینٹو ری پبلک' نے اپنے بیان میں یہ نہیں بتایا کہ اس نے کتنے معاوضے پر کلیم اللہ کی خدمات حاصل کی ہیں۔

XS
SM
MD
LG