رسائی کے لنکس

امریکی عدالت کی طرف سے فیصل شہزاد کو عمر قید کی سزا


امریکی عدالت کی طرف سے فیصل شہزاد کو عمر قید کی سزا
امریکی عدالت کی طرف سے فیصل شہزاد کو عمر قید کی سزا

امریکہ کی ایک وفاقی عدالت نے اُس پاکستانی نژاد امریکی شہری کو عمر قید کی سزا سنائی ہے جس نے رواں سال کے اوائل میں نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر میں ایک ناکام کار بم دھماکا کرنے کے جرم کا اعتراف کیا تھا۔

یہ فیصلہ مین ہیٹن کی وفاقی عدالت کے جج نے منگل کے روز سنایا ۔

استغاثہ کے وکلاء نے عدالت سے مطالبہ کر رکھا تھا کہ 30 سالہ فیصل شہزاد کو عمر قید سنائی جائے۔ اس پاکستانی نژاد امریکی شہری نے جون میں مقدمے کی سماعت کے دوران دہشت گردی سمیت خود پر عائد کیے گئے دس الزامات کا اعتراف کیا تھا۔

گزشتہ ہفتے عدالت میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق شہزاد نے ٹائمز اسکوائر میں کار بم دھماکے کے لیے ایک ایسی جگہ منتخب کی تھی جہاں اُس کے خیال میں زیادہ سے زیادہ نقصان ہونے کا امکان تھا۔

استغاثہ کے وکلاء کا موقف ہے کہ اگر یکم مئی کو کیے جانے والے اس حملے کی کوشش کامیاب ہو جاتی تو شہزاد نے چند ہفتوں بعد ایک دوسری ایسی کارروائی کی تیاری بھی کر رکھی تھی۔

لیکن ٹائمزاسکوائر میں بم دھماکا ناکام ہو گیا جس کے دو روز بعد شہزاد کو نیویارک سے دبئی جانے والی ایک پرواز سے گرفتار کرلیا گیا۔ عدالت کے سامنے اپنے بیان میں شہزاد نے کہا تھا کہ وہ ایک ”مسلمان سپاہی “ ہے اور وہ سینکڑوں مرتبہ اعتراف جرم کے لیے تیار ہے۔ اس نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں کا بدلہ لینے کے لیے وہ یہ کار بم دھماکا کرنا چاہتا تھا۔

شہزاد نے اس جرم کا اعتراف بھی کیا ہے کہ اُس نے پاکستان میں طالبان شدت پسندوں سے بم دھماکے کرنے کی تربیت حاصل کی تھی اور اس کے لیے اُسے پندرہ ہز ار ڈالر بھی دیے گئے۔

XS
SM
MD
LG