رسائی کے لنکس

سینٹ لوئی مظاہرہ: پولیس شوٹنگ، ایک سیاہ فام شخص ہلاک


علاقے کے پولیس سربراہ نے بتایا ہے کہ 18 برس کا منصور بالبے اُس وقت ہلاک ہوا جب دو سفید فام پولیس اہل کاروں نے اُن پر بندوق تانی، جن کے پاس گھر کی تلاش کے وارنٹ تھے

مِزوری کی وسط مغربی امریکی ریاست کے شہر، سینٹ لوئی میں بدھ کو مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس میں اہل کاروں کے ساتھ تصادم کے دوران ایک سیاہ فام نوجوان گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔

سینٹ لوئی پولیس سربراہ، سیم ڈاٹسن نے بتایا کہ 18 برس کا منصور بالبے اُس وقت ہلاک ہوا جب دو سفید فام پولیس اہل کاروں نے اُن پر بندوق تانی، جن کے پاس گھر کی تلاش کے وارنٹ تھے۔

ڈاٹسن نے بتایا کہ پولیس کے تعاقب پر بالبے اور ایک دوسرا شخص گھر سے پچھلی گلیوں کی جانب بھاگ نکلے۔

گولیاں چلنے کی خبریں عام ہونے پر ہمسایہ مکین وہاں اکٹھے ہوئے اور شوٹنگ کے واقع پر احتجاج کیا، جِس پر، ڈاٹسن نے بتایا کہ پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے پھینکے، چونکہ احتجاج میں شریک متعدد افراد نے چوک پر ٹریفک روک دی تھی۔ تصادم کے دوران، نو افراد کو گرفتار کیا گیا۔
بدھ کے روز کی اِس شوٹنگ سے ایک ہفتہ قبل مائیکل براؤن کی پہلی برسی منائی گئی۔18 برس کے اُس غیر مسلح نوجوان کو فرگوسن کے مضافاتی علاقے، سینٹ لوئی میں ایک سفید فام اہل کار نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔

براؤن کی ہلاکت اور امریکہ بھر میں اِسی نوعیت کے واقعات کے نتیجے میں ’بلیک لائیوز میٹر‘ نام کی ایک قومی مہم چلائی گئی، جِس دوران پولیس کے ہاتھوں افریقی امریکیوں کے ساتھ مبینہ غیرمناسب رویہ برتنے پر آواز بلند کی گئی۔

XS
SM
MD
LG