امریکی اسٹار سرینا ولیمز کو یو ایس اوپن ٹینس کے سیمی فائنل میں اپنی مد مقابل بیلاروس کی وکٹوریہ آزارینکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جمعرات کو ہونے والے اس اہم مقابلے میں وہ ایک چھ، چھ تین، چھ تین سے ہار گئیں۔
ولیمز نے میچ کا ابتدائی سیٹ آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت میں جیت لیا تھا، لیکن بیلا روس کی کھلاڑی آزارینکا نے تیزی دکھاتے ہوئے امریکی کھلاڑی پر برتری حاصل کر لی اور وہ سرینا ولیمز کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔
آزارینکا تیسری مرتبہ یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچی ہیں جہاں وہ ہفتے کے روز فلشنگ میڈوز میں جاپان کی نومی اوساکا سے مقابلہ کریں گی۔
آزارینکا مسلسل 2012 اور 2013 میں دو سال فائنل تک پہنچی تھیں اور دونوں بار فائنل میں ان کا مقابلہ سرینا ولیمز سے ہوا تھا۔ جب کہ دونوں بار فائنل میں سرینا ولیمز ہی فاتح قرار پائی تھیں اور آزارنیکا کو شکست ہوئی تھی۔
سرینا ٹخنے میں چوٹ کی وجہ سے بہتر کھیل پیش نہ کر سکیں۔ شکست کے سبب ان کا 24واں گرینڈ سلم جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا۔
ادھر سات سال بعد آزارینکا پہلی مرتبہ گرینڈ سلم ٹورنامنٹ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
فائنل میں ان کا مقابلہ دو بار کی گرینڈ سلم چیمپئن جاپانی کھلاڑی نومی اوساکا سے ہو گا جو امریکی کھلاڑی جینیفر براڈی کو ہرا کر فائنل میں پہنچی ہیں۔
آزارینکا 2012 اور 2013 میں ان سے دو بار آسٹریلین اوپن جیت چکی ہیں۔
سرینا ولیمز کے خلاف کامیابی کے بعد ٹینس کورٹ میں انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا پورا زور سرینا کو شکست دینے پر لگا رہا۔
واضح رہے کہ سرینا ولیمز کو بائیں ٹخنے میں تکلیف کی وجہ سے تیسرے سیٹ میں دوبارہ ٹیپ کرنے کے لیے میڈیکل ٹائم آؤٹ کی ضرورت پیش آئی تھی۔
ادھر سرینا الیمز نے انٹرویو کے دوران اپنی شکست کو مایوس کن قرار دیا۔
وہ 2017 میں 23 واں گرینڈ سلم جیتنے کے بعد سے 24 واں گرینڈ سلم اپنے نام کرنے کے لیے کوشاں رہی ہیں لیکن انہیں کامیابی نہیں مل سکی۔