امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے گرینڈ سلیم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں روسی کھلاڑی ماریہ شراپوا کو مسلسل 19 ویں بار شکست دے دی ہے۔
ٹینس کے 139 ویں سیشن کے دوران توقع کے برعکس ماریہ شراپوا سرینا ولیمز کے خلاف مکمل طور پر آف کلر نظر آئیں۔
میچ کے دوران سرینا نے ماریہ شراپوا کو چھ ایک اور چھ ایک سے شکست دی۔
گرینڈ سلم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ نیو یارک میں 26 اگست سے جاری ہے۔ جو 8 ستمبر تک جاری رہے گا۔ ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز، ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کے مقابلے ہوں گے۔
ایونٹ کے دیگر میچز میں راجر فیڈرر اور نوواک جوکووچ نے بھی اپنے اپنے مخالفین کے خلاف کامیابی حاصل کرلی ہے۔
سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر نے سمت نگال کو شکست دی جب کہ عالمی نمبر ایک سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ اسپین کے روبرٹو کاربالس کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔
یاد رہے کہ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شامل نامور کھلاڑیوں میں سربین اسٹار اور عالمی نمبر ون جوکووچ، جاپان کی اسٹار کھلاڑی نائومی اوساکا، رافیل نڈال، آسٹریلوی کھلاڑی ایشلی بارٹی، کیرولینا پلشکووا، سیمونا ہالپ، ایلینا سویتولینا، ماریہ شراپوا اور سرینا ولیمز شامل ہیں۔